0
Saturday 6 Oct 2012 19:55

امن مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان

امن مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کا جنوبی وزیرستان جانے والا امن مارچ میانوالی پہنچ گیا۔ شرکاء کا شہر شہر شاندار استقبال کیا جارہا ہے۔ ڈی آئی خان میں مارچ کے پیش نظر پاک پیزو روڈبند اور ٹانک میں اضافی نفری طلب کی گئی۔ عمران خان کی زیرقیادت تحریک انصاف کا امن مارچ وزیرستان کی جانب رواں دواں ہے۔ شرکاء کپتان کے آبائی علاقے میانوالی پہنچے تو اُن کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ قافلے میں شریک گاڑیوں پر پھول کی پتیاں نچھاورکی گئیں اور چھوٹی چھوٹی ریلیاں مرکزی قافلے میں شامل ہوگئیں۔ اس سے پہلے تلہ گنگ پہنچنے پر بھی پرتپاک استقبال ہوا۔ راستے میں جگہ جگہ مارچ کو خوش آمدید کہا جاتا رہا۔

مارچ کے شرکاء اسلام آباد سے روانہ ہوئے تو ملکی وغیر ملکی میڈیا کے نمائندے پارٹی کارکنان کے ہمراہ موجود تھے۔ سکیورٹی انتظامات تحریک انصاف کے رضاکار سنبھالے ہوئے ہیں۔ مارچ شام کو ڈی آئی خان میں داخل ہوگا۔ جہاں شرکاء رات گزاریں گے، پھرکل صبح وزیرستان کیلئے روانہ ہوں گئے۔ ٹانک میں بھی کارکنوں کا جوش و خروش قابل دید ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں شرکاء کے متوقع پڑاؤ کے باعث یہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر کی سڑکوں پر بینرز آویزاں ہیں اورکیمپ لگائے گئے ہیں۔ دوسری طرف انتظامیہ نے ٹانک ڈیرہ روڈ بلاک کرنے کے لئے کنٹینرز پہنچا دیئے ہیں۔ اُدھر پشاور سے بھی قافلے ڈی آئی خان کیلئے روانہ ہوئے۔ جن میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے کارکنان کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ شرکاء مرکزی قافلے کے ساتھ منزل کی جانب بڑھیں گے۔ پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا تھا وہ امن کے لئے نکلے ہیں۔ خیبر پختونخواہ حکومت نے مارچ کے راستوں پر سکیورٹی الرٹ کردی ہے اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ 

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے خوف پھیلانے کی بہت کوشش کی۔ ڈی آئی خان سے عوام کا سمندرنکلے گا۔ عوام کا رسپانس تاریخی ہوگا۔ دنیا بھر کا میڈیا کوریج کررہا ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا امن مارچ عمران خان کی قیادت میں اپنی منزل جنوبی وزیرستان کی جناب رواں دواں ہے۔ مارچ میں امریکی اور برطانوی سول سوسائٹی کے ممبران، میڈیا کے نمائندے اور سابق سفارتکار بھی شریک ہیں۔ اس موقع پر ملکی اور غیر ملکی میڈیا بھرپور طور سے متحرک رہا اور جگہ جگہ عمران خان میڈیا سے بات کرتے رہے۔ 

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا حکومتی دھمکیوں کے باوجود عوامی پذیرائی قابل ستائش ہے۔ بلکسر انٹرچینج پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امن مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے صبح روانگی سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ طالبان کے حملوں سے خائف نہیں۔ حکومتی ہتھکنڈوں سے پریشان ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھرکا میڈیا کوریج کررہا ہے۔ ڈی آئی خان سے عوام کا سمندرنکلے گا۔
خبر کا کوڈ : 201385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش