0
Monday 19 Nov 2012 08:52

بربریت کا چھٹا روز، ہرطرف معصوم اور بے گناہ افراد کی لاشیں، غزہ میں شہداء کی تعداد 75 ہوگئی

بربریت کا چھٹا روز، ہرطرف معصوم اور بے گناہ افراد کی لاشیں، غزہ میں شہداء کی تعداد 75 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت چھٹے روز بھی جاری ہے، تازہ فضائی حملوں میں مزید چھے فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ شہداء کی تعداد 75 ہوگئی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں آگ اور خون کا بھیانک کھیل جاری ہے۔ ہرطرف معصوم اور بے گناہ افراد کی لاشیں گر رہی ہیں، ہر آنکھ اشکبار ہے۔ بچوں، خواتین اور جواں سال افراد کی شہادت پر غزہ کی فضا نوحہ کناں ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے چھٹے روز مزید 6 بے گناہ فلسطینیوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا۔ غزہ کی جنوبی پٹی رفحہ کے مقام پر ایک کار کو گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا، جس میں سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ رفحہ میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے نے ساٹھ سالہ خاتون کی جان لے لی۔ تل الہوا میں دو فلسطینی، دشمن طیاروں کی بمباری کا نشانہ بنے جبکہ شمالی غزہ میں چھے سالہ بچہ فضائی حملے میں شہید ہوگیا۔ 

غزہ میں اسرائیلی بربریت نے گذشتہ روز 29 افراد کو لقمہ اجل بنایا، جس دس بچے اور چھے خواتین شامل ہیں۔ فضائی حملوں میں سات سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی وزیر خاجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، تاکہ بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع نہ ہوں۔ فرانس کے وزیر خاجہ لورنس فیبس نے مغربی کنارے پر فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال خطے کے امن کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق غزہ پٹی پر جاری صہیونی حکومت کے فضائی حملوں میں اتوار کو ایک ہی گھرانے کے سبھی افراد شہید ہوگئے۔ الاقصی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی پر کل ہونیوالے ایک فضائی حملے میں 4 بچوں اور 4 خواتین سمیت ایک ہی گھرانے کے 10 افراد شہید ہوگئے۔ آخری اطلاع کے مطابق غزہ پٹی پر جاری صہیونی حملوں میں شہداء کی تعداد 75 اور زخمیوں کی تعداد 600 سے زائد ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 213115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش