0
Friday 7 Dec 2012 01:58

انتخابات میں عوام کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب کریں گے، شہباز شریف

انتخابات میں عوام کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب کریں گے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والے ٹولے اور اس کے اتحادیوں کو ضمنی انتخابات میں بری طرح شکست ہوئی ہے اور لوٹ مار کرنے والوں کو عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے، کرپٹ زرداری ٹولے کو اب نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے۔ لٹیروں، چوروں اور ڈاکوؤں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ اب کوئی شک و شبہ نہیں رہ گیا کہ عام انتخابات کے دوران بھی عوام کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب کریں گے اور مسلم لیگ (ن) پر ہی بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ اور انٹرن شپ لیٹرز کی تقسیم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زر بابا چالیس چوروں کا کمال ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان آج کرپشن کے بازار میں 42 واں نمبر سے بڑھ کر 33 ویں نمبر پرآگیا ہے۔ ملک اس وقت ڈاکوؤں، لٹیروں اور کرپٹ مافیا کے چنگل میں ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ملکی تاریخ کی ریکارڈ کرپشن ہوئی ہے۔ حکمرانوں نے جیبیں بھریں اور ملک کو انتہائی پسماندگی سے دوچار کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی قیادت کا فیصلہ عوام بالخصوص نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، اگر آپ نے پاکستان کا دیا روشن کرنا ہے تو پھر زر بابا چالیس چوروں کا دیا گل کرنا ہوگا۔ تقریب میں 5837 لیپ ٹاپ اور 4089 انٹرن شپ لیٹر تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھیرہ پہنچے جہاں انہوں نے پیر کرم شاہ الازہری کے عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موقع ملا تو لوٹا ہوا مال حکمرانوں کے پیٹ سے نکال کر قوم کے قدموں میں ڈال دونگا، ملک کو دیوالیہ کرنے والوں کو علی بابا چالیس چور نہ کہوں تو اور کیا کہوں؟۔ 

انہوں نے کہا کہ مچھر کی دوائی مل کر سٹیج پر بیٹھنے والے خان صاحب کو ڈینگی کا کیا پتا؟ ہمیں ڈینگی برادران کا لقب دینے والے سوچیں کہ ان کا اپنا کیا کردار ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناء خزانہ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر چوہدری عبدالستار ہانس اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد اسلم نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ نیز سرگودھا بار کے وفد نے بھی وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے سرگودھا بار کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ ایم پی اے طاہر سندھو سے ان کے بھائی سابق ایم پی اے زاہد اقبال سندھو اور ان کے ساتھیوں کی ناگہانی وفات پر اظہار تعزیت کے لیے کوٹ مومن بھی گئے۔
خبر کا کوڈ : 218531
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش