0
Thursday 6 Dec 2012 21:35

ڈرون حملے غیر قانونی، غیر موثر اور نقصان دہ ہیں، امریکہ متبادل ذرائع استعمال کرے، راجہ پرویز اشرف

ڈرون حملے غیر قانونی، غیر موثر اور نقصان دہ ہیں، امریکہ متبادل ذرائع استعمال کرے، راجہ پرویز اشرف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ سے ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے غیر موثر اور نقصان دہ ہیں، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے متبادل ذرائع استعمال کئے جائیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، جس میں پاک افغان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ رچرڈ اولسن کی پاکستان میں بطور سفیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ہونے والے ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے غیر قانونی، غیر موثر اور نقصان دہ ہیں۔ امریکہ ڈرون حملوں کو فوری طور پر بند کرے اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے بجائے متبادل ذرائع استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مساجد، بچوں اور سکولوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف لڑ رہا ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستانی عوام کی قربانیوں کا احترام کرتا ہے اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکہ پاکستان سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ ہم پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ میں ڈرون حملوں کیخلاف مطالبے کو امریکی حکام کے سامنے اٹھاﺅں گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی ،جس کے دوران دہشت گردی کیخلاف جنگ، افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے میر علی میں حالیہ ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار کیا اور امریکہ سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے غیر موٴثر اور نقصان دہ ہیں اور انکی وجہ سے دہشت گردوں کیلئے حمایت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امریکہ کو مشورہ دیا کہ ڈرون حملے بند کرکے دہشت گردوں کیخلاف متبادل ذرائع استعمال کئے جائیں۔ امریکی سفیر نے وزیراعظم کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ڈرون حملوں سے متعلق حکومت پاکستان اور عوام کی تشویش سے اپنی حکومت کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنا پر پاکستان کیساتھ طویل المدت تعلقات کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکام کے حالیہ دورہ پاکستان اور جنرل کیانی کے دورہ کابل سے افغانستان میں استحکام میں مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 218653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش