0
Saturday 22 Dec 2012 10:53

صدر اوباما نے سینیٹر جان کیری کو نیا امریکی وزیر خارجہ نامزد کر دیا

صدر اوباما نے سینیٹر جان کیری کو نیا امریکی وزیر خارجہ نامزد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر براک اوباما نے سینیٹر جان کیری کو نیا امریکی وزیر خارجہ نامزد کر دیا ہے، امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے جان کیری کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر اوباما دوسری مدت صدارت کے لئے نئی کابینہ بنانے میں مصروف ہیں۔ موجودہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے دوسری بار وزارت قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جسکے بعد سینیٹر کیری کو یہ قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینیٹر کیری خارجہ امور کا وسیع کا تجربہ رکھتے ہیں اور سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر شیری رحمان نے سینیٹر جان کیری کی بطور امریکی وزیر خارجہ نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے جان کیری پاکستان کے اچھے دوست ہیں۔ سینیٹر جان کیری نے امریکہ کیلئے گراں قدرخدمات انجام دی ہیں۔ جان کیری جمہوری، اقتصادی طور پر مضبوط اور مستحکم پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت سے آگاہ ہیں۔ پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے جان کیری کیساتھ کام کرنیکے منتظر ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے سینیٹرجان کیری کو وزیر خارجہ نامزد کر دیا ہے، جمعہ کو یہاں وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ وہ تو رخصت ہونے والی وزیر خارجہ مسز ہلیری کلنٹن کو ہی اگلی مدت کے لیے برقرار رکھنا چاہتے تھے، تاہم انکی معذرت کے بعد انھوں نے سینٹر جان کیری کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، صدر اوبامہ نے اس موقع پر مسز کلنٹن کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے چار برس ایک ملک سے دوسرے ملک جاکر پوری دنیا میں امریکہ کو محفوظ بنانے کے لیے جو کچھ کیا وہ ناقابل فراموش ہے، آج امریکہ پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ وہ جان کیری کی بطور وزیر خارجہ سینیٹ سے منظوری کیلیے پرامید ہیں، سینٹر کیری کو 35 برس سے زیادہ کا خارجہ امور کا تجربہ ہے۔
 
 یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر سوزن رائس کی وزارت خارجہ کی دوڑ سے دستبرداری کے بعد سینیٹر جان کیری کو امریکہ کا نیا وزیر خارجہ نامزد کیا گیا ہے۔ سوزن رائس کے لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے پر ایک متنازعہ بیان دینے پر اسے اپنی پارٹی کے ارکان کی طرف سے شدید تنقید اور مخالفت کا سامنا تھا۔ سوزن رائس کا یہی بیان ان کے لئے امریکی وزارت خارجہ کے عہدے سے دوری کا باعث بنا۔ جان فوربز کیری 11 دسمبر 1943ء کو پیدا ہوئے، وہ امریکہ کی ریاست ماساچوسٹ سے ڈیموکریٹ پارٹی کی طرف سے سینٹر منتخب ہوئے۔ وہ 2009ء سے اب تک امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق وہائٹ ہاؤس نے کل جمعہ کو اعلان کیا کہ سینیٹر جان کیری اس ملک کے نئے وزیر خارجہ ہونگے۔ اس سے قبل اس عہدے کے لئے دوسری امیدوار سوزن رائس نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیر خارجہ کے عہدے کے لئے جاری مقابلے میں حصہ نہیں لیں گی۔ امریکہ میں 2004ء کے صدارتی انتخابات میں جان کیری نے جارج بوش کے مقابلے میں الیکشن میں حصہ لیا تھا اور وہ یہ الیکشن ہار گئے تھے۔ وہ 1985ء سے امریکی ریاست ماساچوسٹ کے سینیٹر ہیں۔ جان کیری پاکستان کے امور میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی بھی رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 223654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش