0
Wednesday 26 Dec 2012 21:03

بزرگ سیاستدان پروفیسر غفور احمد 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

بزرگ سیاستدان پروفیسر غفور احمد 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
اسلام ٹائمز۔ معروف سیاستدان، پارلیمنٹیرین اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر غفور احمد انتقال کرگئے ہیں۔ وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے ان کی عمر 85 سال تھی۔ ان کی نماز جنازہ 27 دسمبر کو کراچی میں 4:30 بجے ادارہ نور حق کے سامنے ادا کی جائے گی اور انہیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ پروفیسر غفور احمد 1970ء کے الیکشن میں کراچی سے جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ قومی اسمبلی میں بطور اپوزیشن لیڈر ان کی کارکردگی نمایاں رہی۔ وہ اپوزیشن کی اس مذاکراتی ٹیم کے ممبر تھے جس نے 1977ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف قومی تحریک کے دوران مذاکرات کیے تھے۔ وہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر بھی رہے۔ پروفیسر غفور احمد پاکستان قومی اتحاد اور اسلامی جمہوری اتحاد کے سیکرٹری جنرل رہے۔ وہ ایک انتہائی زیرک سیاستدان اور مدبر شخصیت کے مالک تھے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن، سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد، نائب امراء چوہدری محمد اسلم سلیمی، پروفیسر خورشید احمد، ڈاکٹر محمد کمال، سراج الحق، سابق نائب امراء چوہدری رحمت الٰہی، پروفیسر محمد ابراہیم خان، حافظ محمد ادریس، مولانا عبدالمالک، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ عبدالغفار عزیز اور سیکریٹری اطلاعات محمد انور خان نیازی سمیت جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پروفیسر غفور احمد کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور جنت میں اعلیٰ درجات کی دعا اور ان کی قومی و ملی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پروفیسر غفور احمد 1950ء میں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے اور تادم حیات جماعت ہی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا۔ پروفیسر غفور احمد اعلیٰ پائے کے سیاستدان تھے اور انہوں نے قومی سیاست میں بڑا نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ پاکستان قومی اتحاد کی طرف سے نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم، مفتی محمود مرحوم کے ساتھ مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو مرحوم سے مذاکرات کئے تھے۔ اسلامی جمہوری اتحاد کے قیام میں بھی پروفیسر غفور احمد نے کلیدی کردار ادا کیا اور آئی جے آئی کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری ادا کی۔ پروفیسر غفور احمد قومی اسمبلی اور سینٹ کے رکن اور کچھ عرصہ تک وفاقی وزیر بھی رہے۔

پروفیسر غفور احمد 26 جون 1927ء کو بھارت میں پیدا ہوئے، مرحوم نے معاشیات اور تجارت میں ماسٹر ڈگری کی اور کچھ عرصہ تک شعبہ تعلیم سے وابستہ رہے۔ پروفیسر غفور احمد ’’ پھر مارشل لاء آگیا، ’’ اور الیکشن نہ ہوسکے ‘‘ اور ’’ بے نظیر بھٹو کا پہلا دور حکومت ‘‘ بے نظیر حکومت کا عروج و زوال، پرویز مشرف آرمی ہاؤس سے ایوان صدر تک ‘‘ اور ’’نواز شریف اقتدار سے عتاب تک ‘‘ سمیت کئی کتابوں کے مصنف تھے۔ پروفیسر احمد غفور احمد جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر کی ذمہ داریوں پر فائز رہے۔ انہوں نے 85 سال عمر پائی۔
خبر کا کوڈ : 225236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش