0
Sunday 6 Jan 2013 00:46

سی این جی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری حل نکالا جائے، محمد حسین محنتی

سی این جی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری حل نکالا جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کراچی کے بیشتر علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوں لگتا ہے جیسے حکومت نے عوام کو پتھر کے دور میں پہنچانے کا تہیہ کیا ہوا ہے، عوام پہلے ہی سی این جی بندش سے پریشان ہیں، اب گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑجانے سے عوام دہرے عذاب کا شکار ہوگئے ہیں، صدر اور وزیراعظم پیٹرولیم گیس کے وزیر کی نااہلی کا نوٹس لیں اور گیس کے مسئلے سے عوام کو فوری نجات دلائیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت ہر شعبے میں اور ہر سطح پر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، حکمرانوں نے عوام کو ناخواندگی، صحت کی عدم سہولیات، غربت، بے روزگاری، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور توانائی بحران کے تحفے دیے ہیں اور شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں جس پر قابو تو پایا نہیں جا سکا، اوپر سے اب سی این جی کی بندش اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو سخت ذہنی اذیت سے دوچار کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی وافر مقدار موجود ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام ضروریات زندگی اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں، سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی منقطع ہونے کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایک طرف سی این جی گیس حاصل کرنے کیلئے پورا دن قطاروں میں لگنا پڑتا ہے، پھر جب رات کو گھر آئیں تو سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوتے ہیں، عوام جائیں تو کہاں جائیں۔ محمد حسین محنتی نے صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے پر زور مطالبہ کیا کہ سی این جی بندش اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور گیس کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر وزیر پیٹرولیم کو برطرف کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 228431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش