0
Friday 22 Feb 2013 10:05

احتجاجی دھرنوں میں بلاتفریق مسلک شرکت سے ثابت ہوگیا کہ عوام دہشتگردی کیخلاف متحد ہیں، علامہ ساجد نقوی

احتجاجی دھرنوں میں بلاتفریق مسلک شرکت سے ثابت ہوگیا کہ عوام دہشتگردی کیخلاف متحد ہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ ملکی تاریخ کا بدترین دہشت گردی کا واقعہ ہے، ملک بھر میں دھرنے و احتجاجی مظاہرے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کا متفقہ فیصلہ تھا، جس نے ثابت کیا کہ عوام دہشت گردی کے خلاف ہیں، جیکب آباد میں ہونیوالے واقعہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مرکزی دفتر سے جاری بیان انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جیکب آباد میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں اس واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والا سانحہ ملکی تاریخ میں عوام کا بدترین قتل عام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے کارکنوں اور عوام نے ملک بھر میں حالیہ سانحہ کے خلاف باامر مجبوری ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے، جس سے ملک میں آمدورفت سمیت کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، جبکہ ان سے پورے ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں، بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز، سول سوسائٹی سمیت مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اظہار یکجہتی کیا اور بھرپور اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھرنے اور احتجاجی مظاہرے دہشت گردی کے خلاف عوام کا متفقہ فیصلہ تھا اور عوام نے بلاتفریق مذہب و مسلک شرکت کرکے پیغام دیدیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہیں اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے آزاد میڈیا، بلوچستان کے ان تمام قبائل، مذہبی و سیاسی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس سانحہ میں بھرپور تعاون کیا۔ بعدازاں علامہ سید ساجد علی نقوی نے سوگواروں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم اس مشن کو پورا کرینگے۔ واضح رہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی 16 فروری سے کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن میں ہی موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 241616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش