0
Wednesday 6 Mar 2013 10:55

حکومت غیرمستحکم کرنے کی کوششیں ناکام بنا دینگے، چوہدری یاسین

حکومت غیرمستحکم کرنے کی کوششیں ناکام بنا دینگے، چوہدری یاسین
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ ریاست میں موجود خداداد وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے ہر شعبے میں خود کفالت کی منازل طے کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ گڈ گورننس قائم کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔ یہ اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ آزاد حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں دم توڑ گئیں، ان ہائوس تبدیلی دیوانے کا خواب ہے۔ پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جمہوریت پانچ سال پورے کرے گی۔ برادری اور اقربا پروری کے طوفان کو روک دیا گیا ہے۔ عوام کو انکے حقوق میرٹ پر فراہم کیے جائیں گے۔ انرجی کرائسس سے نمٹنے کے لیے ہائیڈرل پراجیکٹس کی تعمیر کے لیے سنجیدہ ہیں۔ غیرملکی کمپنیوں اور فرموں سے معاملات طے کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری لانے کے لیے سہولیات کی فراہمی ممکن ہونے سے ریاست میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ 

سینئر وزیر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے پیدا کردہ بے پناہ مسائل کے خاتمے کے لیے وقت درکار ہے۔ اس کے لی آزاد حکومت ایک جامع پالیسی پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ مسائل کو حل کرنے سے پہلے ہمیں اپنے سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ جب تک اس گلے سڑے نظام کی تطہیر نہیں ہوگی تب تک معاملات درست نہیں ہو سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ایک مضبوط جمہوری نظام ہی سسٹم کی بہتری کا ضامن ہے۔ 

چوہدری یاسین نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا تحریک آزادی کا الحاق پاکستان اور گڈگورننس کا قیام ہے۔ گڈگورننس سے معاشرے میں عدل و انصاف اور توازن قائم ہوگا۔ تخریبی سیاست کا خاتمہ کر کے تعمیری سیاست کرنا چاہتے ہیں جس سے عوام کو ریلیف ملے۔ انھوں نے کہا کہ الحاق پاکستان صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے لیے پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس باب میں کوئی شک نہیں کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی منازل طے کرانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 244624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش