0
Wednesday 6 Mar 2013 13:09

دہشت گرد پیدا کرنے کی فیکٹریاں مسمار کرنا ہوں گی، فضل کریم

دہشت گرد پیدا کرنے کی فیکٹریاں مسمار کرنا ہوں گی، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل فرقہ وارانہ قتل و غارت، دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف ’’تحریکِ امن و محبت‘‘ چلائے گی۔ جمعہ 8 مارچ کو اہلسنّت کی 50 ہزار مساجد میں ’’قتل بدترین گناہ‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے جائیں گے اور قتل ناحق کے خلاف زوردار مہم چلائی جائے گی، لہو لہو ملک قومی قیادت کو پکار رہا ہے، یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ قوم کے متحد ہونے کا ہے، لگتا ہے ریاست نے تخریب کاروں، دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ قومی اتحاد کے بغیر ناممکن ہے، شیعہ سنی فسادات کی منظم سازش ہو رہی ہے، جہاد اور دہشت گردی کا فرق سمجھنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ڈٹنے والا ہی قوم کا حقیقی لیڈر ہو گا، دہشت گرد پیدا کرنے کی فیکٹریاں مسمار کرنا ہوں گی، ڈرون حملے رکوانے کیلئے عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے، پاکستانی عوام بدترین جمہوریت کے انتقام کی زد میں ہے، الیکشن قریب آتے ہی پیسے کی چمک اپنی دمک دکھا رہی ہے، پاکستان کے فیصلے واشنگٹن میں ہو رہے ہیں، وہ دن انقلاب کا ہو گا جب پاکستان کے فیصلے اسلام آباد میں ہوں گے، دہشت گردی کے مسئلے پر ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے کی بجائے سب کو اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی اور زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ غریب کے لیے روٹی، کپڑا اور مکان خواب بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب کرنا ہو گا، دہشت گردوں کو اثاثہ سمجھنے کی سوچ خطرناک ہے،گڈ اور بیڈ کی تفریق چھوڑنا ہو گی۔ دریں اثنا ء اجلاس کو بتایاگیاکہ صاحبزادہ فضل کریم کراچی کے حالیہ دھماکوں میں شریک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی، تعزیت اور یکجہتی کے اظہار کے لیے 8مارچ کو کراچی جائیں گے، وہ کراچی میں قیام کے دوران صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کے علاوہ سنی اتحاد کونسل صوبہ سندھ کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں صوبہ سندھ کی مختلف نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے پر مشاورت کی جائے گی۔ صاحبزادہ فضل کریم 11مارچ کو پاک ایران سرحد پر ہونے والی گیس منصوبے کی دستخطی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 244655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش