0
Wednesday 20 Mar 2013 19:49

منظور وٹو سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، آئندہ انتخابات، دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

منظور وٹو سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، آئندہ انتخابات، دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو سے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامس نے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ہونیوالے آئندہ انتخابات اور ملک میں موجود دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما منیر احمد خان اور برطانوی ہائی کمشنر کے صوبائی انچارج ٹام ایڈمنڈ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامس نے کہا کہ برطانیہ غیر جانبدار ہے اور پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہے اور آئندہ ہونے والا الیکشن اس حوالے سے بہت اہم ہے۔

ایڈم تھامس سے ملاقات کے موقع پر اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کے دوران میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کا تقریبا" ایک جیسا جمہوری نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صدر زرداری کی جاری مفاہمتی پالیسی سے جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور میں پاکستان کے مفاد میں کام کئے جسکا کریڈٹ اتحادیوں اور اپوزیشن کو بھی جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد آئینی ترامیم کے ذریعے الیکشن کمیشن کو آزاد کیا گیا، صوبوں کو خودمختاری دی گئی، 18 وفاقی محکمے صوبوں کو دئیے گئے، ان تمام اقدامات پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے کہ آج انہی کی وجہ سے ملک میں جمہوری نظام اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا ہے اور ہم شفاف الیکشن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات جمہوریت کی مضبوطی اور ترقی کے ضامن ہیں، ہمارے پانچ سالہ دور میں کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی گئی جسکا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کوئی سیاسی قیدی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت کی تشکیل میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کا رول ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ ٹرم پالیسیاں بنیں گی، لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے جو ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں انشااللہ آنیوالے دنوں میں انرجی کے بحران کا خاتمہ ہو جائیگا جس سے عام آدمی کو خوشحالی ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 248059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش