0
Saturday 30 Mar 2013 14:20

حراست میں لئے گئے تمام بے گناہ شیعہ افراد کو فوری رہا کیا جائے، علامہ مرزا یوسف حسین

حراست میں لئے گئے تمام بے گناہ شیعہ افراد کو فوری رہا کیا جائے، علامہ مرزا یوسف حسین
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا ہے کہ حراست میں لیے گئے بے گناہ شیعہ نوجوانوں کو 48 گھنٹوں میں رہا نہ کیا گیا یا ان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی تو احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔ کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کے بعد مرکزی محرکین علی اوسط اور سہیل مرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے مختلف سرکاری ایجنسیوں، پولیس، رینجرز اور خفیہ داروں کی جانب سے شیعہ نوجوانوں کو خوف میں مبتلا کر دیا گیا ہے، ان کو گرفتار کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ سرکاری یونیفارم اور سرکاری گاڑیوں میں اغوا کرکے لے جانے اور نامعلوم مقامات پر غیر قانونی حراست میں رکھنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی اور اضطراب پھیلا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر اہلکاروں کے اس قسم کے اقدامات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مذموم مقاصد کے حصول کے لئے شیعہ عوام کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، ہم روز اپنے شہداء کی لاشیں اٹھا رہے ہیں، لیکن کہیں اب ایسا نہ ہو کہ تنگ آمد بہ جنگ آمد پر عمل کرتے ہوئے سر پر کفن باندھ کر باہر نکل آئیں۔ علامہ مرزا یوسف حسین نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ حراست میں لئے گئے تمام شیعہ افراد کو فوری رہا کیا جائے اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 250021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش