0
Thursday 11 Apr 2013 17:55

بلوچ قوم پرستوں کی انتخابات میں شرکت خوش آئند ہے، میر ہزارکھوسو

بلوچ قوم پرستوں کی انتخابات میں شرکت خوش آئند ہے، میر ہزارکھوسو
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح بلوچستان کی قوم پرستوں جماعتوں کی انتخابی عمل میں شرکت نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مثبت قدم ثابت ہوگی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سیکرٹری جنرل حاصل خان بزنجو، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما میرنصیر خان مینگل، سعید احمد ہاشمی، پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما میر محمد امین عمرانی، جان علی چنگیزی، سید اقبال شاہ، سابق سٹی ناظم میرمقبول احمد لہڑی پر مشتمل علیحدہ علیحدہ وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن میں ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتیں بھی انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لے رہی ہیں جو انتخابی عمل پر بھروسے اور اعتماد کا مظہرہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات میں قوم پرست جماعتوں کی شرکت خوش آئند اقدام ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ جمہوری عمل پر عوام کا بھر پور اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کا مقصد انتخابی نتائج کو قابل بھروسہ بنانا ہے تاکہ عوام کو پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے اپنی مرضی کے پارلیمانی نمائندے لانے کا پورا پورا موقع مل سکے۔

اورنگزیب کاسی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کھوسو نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ امن و امان کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان پر مامور تمام اداروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ انتخابی عمل میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں ا ور قائدین کو مکمل تحفظ فراہم کریں تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں سرانجام پاسکے۔

نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں بلوچستان سے وہ اسٹیک ہولڈر شرکت کر رہے ہیں جنہوں نے سابق الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جو ایک خوش آئند امر ہے اور انتخابی عمل پر اعتماد کا اظہار ہے۔
خبر کا کوڈ : 253496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش