0
Wednesday 17 Apr 2013 22:23

آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے بت کو پاش پاش کر دیں گے، شہباز شریف

آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے بت کو پاش پاش کر دیں گے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 11 مئی ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہو گا۔ یہ دن ملک کی تقدریر بدل دے گا۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور جلد پیپلز پارٹی کے بت کو پاش پاش کر دیں گے۔ سندھ میں 10 جماعتی اتحاد کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں۔ وہ بدھ کو کراچی میں سندھ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ قبل ازیں میاں شہباز شریف، نواز شریف کی ہدایت پر بدھ کو لاہور سے کراچی پہنچے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں کلفٹن میں انہوں نے سندھ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ، لیاقت جتوئی، سلیم ضیاء، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، مختلف اضلاع میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نسشتوں پر پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور 10 جماعتی اتحاد کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کے معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
 
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی قیادت خصوصاً انتخابی امیدواروں پر حملوں کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں، ان واقعات کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ نگران حکومت سیاسی قیادت اور امیدواروں کو مناسب سیکورٹی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی فراہم کرنا اور ملک میں امن قائم کرنا نگران حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔ اس حوالے سے نگران حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی ملک کی تاریخ میں تبدیلی لائے گا۔ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے مخلص قیادت کو منتخب کریں گے اور اس تبدیلی سے پاکستان میں ایک نیا سورج طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں عوام و ملک کو لوٹنے والوں اور کرپشن کرنے والوں کا خاتمہ کر دیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پیر پگارا کا احترام کرتے ہیں۔ نواز شریف اور پیر پگارا کے درمیان محبت کا رشتہ قائم ہے اور یہ رشتہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔ سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ پتہ نہیں انہوں نے کس زعم میں آکر اپنے کاغذات جمع کرائے۔ وہ آئین شکن ہیں اور اکبر بگٹی کے قتل سمیت کئی اہم واقعات میں ملوث ہیں۔ عوام پرویز مشرف کو کئی برس قبل مسترد کر چکی ہے۔ ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونا مکافات عمل ہے۔
خبر کا کوڈ : 255230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش