0
Saturday 18 May 2013 19:40

نو منتخب حکومت کراچی سے بدامنی کے خاتمے کو اوّلین ترجیحات میں رکھے، عتیق میر

نو منتخب حکومت کراچی سے بدامنی کے خاتمے کو اوّلین ترجیحات میں رکھے، عتیق میر
اسلام ٹائمز۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ملک میں انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھاندلی کے الزامات اور بڑھتے ہوئے تنازعات کے باعث انتخابات کے نتائج سے وابستہ بہتری کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں، دھاندلی کے خلاف جاری سیاسی جماعتوں کے احتجاجوں کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل نہ ہوا تو 60 فیصد ٹرن آﺅٹ بے نتیجہ اور مستقبل میں ترقی و خوشحالی کے تمام خواب بکھر جائینگے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ملک کے متوقع وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کو بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں مشورہ دیا کہ اکثریتی نشستوں پر کامیابی کے باوجود ہر طبقے کے نمائندگان کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پیدا ہونے والے اختلافات اور تنازعات مفاہمت اور خوش اسلوبی سے طے کئے جائیں تاکہ اجتماعی کوششوں سے ملکی مشکلات کے خاتمے اور تعمیرِ نو کا خواب پورا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عام افراد کو اعصاب شکن مہنگائی میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے کابینہ مختصر اور حکومتی اخراجات میں ممکنہ حد تک کمی کا اعلان کیا جائے۔
 
اپنے بیان میں عتیق میر نے نومنتخب حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی سے بدامنی کا خاتمہ اپنی اوّلین ترجیحات میں شامل کرے اور قیامِ امن کے ذمہ دار اداروں کے اختیارات اور وسائل میں اضافے کے اقدامات کئے جائیں۔ معیشت کو پایمال اور تاجروں کو یرغمال بنانے والے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے قانون سازی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ ادوار کے بدعنوانوں کا احتساب کئے بغیر دوبارہ منتخب ہونا مایوس کُن ہے۔ نومنتخب حکومت سابق حکمرانوں کی روایت کے برعکس عدلیہ کے فیصلوں کے احترام کی روایت قائم کرے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ 60 ارب ڈالرز سے زائد بیرونی اور 8000 ارب روپے سے زائد ملکی قرضوں کی خطیر رقم کا بوجھ غریب عوام کی کمر پر لادنے والے سابقہ بدعنوان حکمرانوں سے وصول کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر انحصار ختم کرکے ٹیکس کلچر کو فروغ دیا جائے اور ٹیکس اصلاحات کیلئے تاجر نمائندگان پر مشتمل کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 265203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش