0
Friday 26 Jul 2013 17:47

شام میں مقدمہ مزارات پر حملوں کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے یوم احتجاج منایا

شام میں مقدمہ مزارات پر حملوں کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے یوم احتجاج منایا
اسلام ٹائمز ۔سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر نواسئ رسول سیّدہ زینب سلام اللہ علیہا اور فاتح شام حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کے مزارات کی بے حرمتی کے خلاف ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا اور ملک بھر کی لاکھوں مساجد میں مقاماتِ مقدسہ پر حملوں کے سانحات کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا گیا اور مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام لاہور، کراچی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآباد، سکھر، ملتان، سمندری، بوریوالہ اور منڈی بہاؤ الدین سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

یومِ احتجاج کا مرکزی جلوس فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی زیرقیادت مرکزی سنی رضوی مسجد جھنگ بازار سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالا گیا۔ جلوس کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ نواسئ رسول سیّدہ زینب سلام اللہ علیہا اور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کے مزارات پر حملے کرنے والے عہدِ حاضر کے خوارج ہیں، مقدس مہینے میں مقدس شخصیات کے مزارات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے اسلام کے باغی اور غدار ہیں، مسلم حکمران مقاماتِ مقدسہ کے تحفظ کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار کریں، حملہ کرنے والوں نے اہل بیت اور صحابہ دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے، دنیا بھر میں صحابہ، اہل بیت اور اولیا کے مزارات پر حملے کرنے والے ایک ہی سوچ، ذہن اور مسلک کے لوگ ہیں۔

لاہور میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری کی زیرقیادت ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اس موقع پر پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ سیّدہ زینب سلام اللہ علیہااور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کے مزارات پر حملہ کرنے والوں نے عاشقانِ رسول کی غیرت کو للکارا ہے۔ حملہ کرنیوالے فرقہ پرست دہشت گرد ہیں۔ لاہور میں شادباغ میں مفتی محمد حسیب قادری، اچھرہ میں مفتی محمد کریم خان، ٹاؤن شپ میں حاجی رانا شرافت علی قادری اور گلبرگ میں قاری مختار احمد صدیقی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کراچی میں سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے سامنے سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے طارق محبوب نے کہا کہ سیّدہ زینب سلام اللہ علیہا اور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مزارات پر حملوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حملے کی ناپاک جسارت کرنے والے اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام گوجرانوالہ میں چوک دارالسلام سے جی ٹی روڈ تک صاحبزادہ محمد داؤد رضوی کی قیادت میں جلوس نکالا گیا۔ سمندری کی شوکتِ اسلام مسجد سے تھانہ چوک تک مفتی محمد سعید رضوی کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا جبکہ حیدر آباد میں مفتی عظمت علی شاہ، مولانا غلام حسین سعیدی، احسان رحمانی، سکھر میں حاجی انور علی وارثی، بھکر میں علامہ محمد شریف رضوی، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں مفتی فضل جمیل، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، جھنگ میں علامہ فاروق سلطان قادری، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 287046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش