0
Sunday 4 Aug 2013 01:07

یوم القدس، پاراچنار میں تاریخی اجتماع

یوم القدس، پاراچنار میں تاریخی اجتماع
رپورٹ: ایس این حسینی

فلسطین کے ساتھ اظہار یک جہتی اور اسرائیل اور امریکہ سے اظہار نفرت کی غرض سے پوری دنیا میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مملکت خداداد پاکستان میں تقریباً ہر چھوٹے بڑے شہر میں اس دن امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل سے نفرت کے اظہار کیلئے عوام کا جوش و خروش دیدنی ہوتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یوم القدس کی مناسبت سے ملک کے سب سے بڑے اجتماع کراچی، لاہور اور پاراچنار میں منعقد ہوتے ہیں۔ پاکستان میں کس شہر میں سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوتا ہے، اسکا اندازا لگانا ذرا مشکل ہے، تاہم پاراچنار کا جلوس بھی قابل دید ہوتا ہے۔

گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی یوم القدس کا جلوس علامہ سید عابد حسین الحسینی کی قیادت میں مدرسہ آیت۔۔۔خامنہ ای سے برآمد ہوا۔ جس میں گذشتہ سالوں کی نسبت کئی گنا زیادہ لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق گذشتہ روز کے جلوس میں 50 تا 60 ہزار لوگوں نے شرکت کی۔ یوم القدس کا یہ عظیم الشان جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پی اے اور آر پی چوک کے درمیان جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔ جلسے سے علماء کرام اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے خطاب کیا۔ 

یوم القدس کے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان پشاور ڈویژن کے صدر اقتدار حسین نے کہا کہ پوری امت مسلمہ میں انتشار اور بدامنی کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ تحریک حسینی کے صدر مولانا منیر حسین کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت طوری اقوام کے ساتھ ناروا سلوک بند کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدوں کی پابندی کرے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال میں نے اسی اسٹیج سے اتحاد کیلئے اپنی کوششوں کا جو عزم ظاہر کیا تھا۔ میں آج بھی اس پر کاربند ہوں۔ اس سلسلے میں نے گھر گھر جاکر ہر دروازے پر دستک دی۔ جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔ تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض اہم افراد کے پاس 9 مرتبہ گیا، لیکن انہوں نے نفی میں جواب دیا۔

آخر میں تحریک حسینی کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا خصوصاً عرب ممالک میں امریکہ کا کردار نہایت مشکوک اور قابل مذمت ہے۔ امریکہ شام میں عوام کی حمایت کا نعرہ بلند کر رہا ہے جبکہ یہی امریکہ بحرین، سعودی عرب، یمن اور مصر میں عوام کے خلاف ظالم اور غاصب غیر جمہوری حکمرانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے شام میں ہونے والی خونریزی کا اصل ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرایا۔ انہوں نے دنیا کے مسلمانوں کو دعوت فکر دی کہ وہ سوچیں کہ عرب ممالک خصوصاً سعوی عرب، جو خود کو اسلام کا ٹھیکیدار اور خادم الحرمین قرار دیتا ہے، امریکہ کے اشاروں پر عالم اسلام کے امن و امان کو تباہ کر رہا ہے۔ 

علامہ عابد حسین الحسینی نے بالش خیل اور شورکو روڈ کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی ظالمانہ پالیسی پر بھی کڑی تنقید کی۔ انہوں نے گذشتہ دنوں پاراچنار میں ہونے والے دھماکوں اور اس سے پہلے ہونے والے دھماکوں کیلئے آئی ایس آئی کو ذمہ دار ٹھرایا۔ علامہ عابد حسینی نے گذشتہ سال سرکاری گاڑی میں ہونے والے دھماکے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی تباہ ہوگئی مگر اس میں ڈیوٹی دینے والے تمام اہلکار بچ گئے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار میں ہونے والے خودکش حملوں میں استعمال ہونے والے حملہ آوروں میں سے دو کے سر بالکل سالم تھے، مگر کسی پر کوئی رپورٹ سامنے نہ آسکی۔ پروگرام کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے گئے اور پھر جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پہنچ کر اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
خبر کا کوڈ : 289483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش