0
Tuesday 6 Aug 2013 15:23

کراچی میں بارشوں سے ماضی کے نمائشی اور کاسمیٹکس منصوبوں کی قلعی کھل گئی ہے، شاہی سید

کراچی میں بارشوں سے ماضی کے نمائشی اور کاسمیٹکس منصوبوں کی قلعی کھل گئی ہے، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے گزشتہ ہفتہ کے روز ہونے والی بارش اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی خوفناک تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ باچا خان مرکز سے جاری کردہ اپنے بیان میں صدر اے این پی سندھ اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں نے ہمارے اداروں کی کارکردگی کا کچا چھٹا کھول دیا ہے۔ شہر میں نظام زندگی بری طرح مفلوج اور کئی روز سے جمع کچرے اور سیوریج کے گندے پانی سے جو تعفن پھیلا وہ کسی اذیت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں، ندیوں کی صفائی نہ کئے جانے اور نکاسی آب کے نظام پر توجہ نہ دیئے جانے کے سبب کراچی میں بارش سے جو تباہی ہوئی وہ کسی قیامت سے کم نہیں تھی۔ ماضی کے نمائشی اور کاسمیٹکس منصوبوں کی قلعی کھل گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں اب بھی ناقص منصوبہ بندی سے کام لیتے ہوئے ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں جن کا حتمی جائزہ لینے والا کوئی نہیں، اس طرح کی صورتحال میں معصوم عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے اور جھوٹے دعوے کرنے والی کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سارے دعوے ہوا اور ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ تاریں گرنے اور فنی خرابی کے باعث بند کی گئی بجلی ابھی تک بحال نہ ہوسکی۔
 
شاہی سید نے کہا کہ بارش کے دوران اور بارش کے بعد ہونے والی بجلی کی عدم فراہمی شہریوں کیلئے مزید اذیت اور پریشانی کا باعث بنی۔ چند گھنٹوں کی بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا۔ بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے بعد شہریوں کو جن مسائل کا سامنا کرنا پڑا انہیں دیکھتے ہوئے اس بات کی شدت سے ضرورت ہے کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا جائے اور جو لوگ اپنے فرائض سے غفلت برت کر عوام کی جان و مالی نقصان پہنچانے کا سبب بنے ہیں ان کا محاسبہ کیا جائے۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ اے این پی خدائی خدمت کا تسلسل ہے ہم حکومت وقت سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں۔ بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا بھرپور ازالہ کیا جائے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو مالی معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے بیان بازی اور الفاظ کے تبادلوں کے بجائے کراچی کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے مربوط لائحہ عمل طے کیا جائے۔ سیاست چمکانے کے بجائے شہریوں کو رپیش مشکلات کا حل کے لئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 290229
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش