1
0
Friday 16 Aug 2013 15:06

جنت البقیع میں مزارات کی تعمیر کیلئے عالمی تحریک کا آغاز کیا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری

جنت البقیع میں مزارات کی تعمیر کیلئے عالمی تحریک کا آغاز کیا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ 8 شوال 1344 ہجری کا دن تاریخ اسلام کا وہ سیاہ ترین دن ہے کہ جب جنت البقیع میں اہل بیت اور اصحاب رسول (ص) کے مزارات مقدسہ کو منہدم و مسمار کر دیا گیا، امت مسلمہ کی خاموشی نے آج دشمنان اسلام کو اتنی جرات اور ہمت بخشی کہ نوبت کربلا، بغداد، مکہ اور شام کے مقدس مقامات تک آن پہنچی ہے، جنت البقیع میں مدفون ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب کی محترم اور مقدس شخصیات کی قبور کی تعمیر نو اور اس عظیم سرمایہ کی حفاظت کے لئے ایک بین الاقوامی تحریک کا آغاز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ) نے یوم انہدام جنت البقیع کی موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ اسلام کے سیاہ ترین ایام کا ذکر کیا جائے تو 8 شوال یوم انہدام جنت البقیع ہمارے دل کو اس طرح رنجیدہ کر دیتا ہے جیسے یہ دل خراش واقعہ آج ہی رونماء ہوا ہو۔ 1344 ہجری میں وہابی عقائد کے پیروکار آل سعود نے مدینتہ النبی (ص) پر قبضے کے بعد اسلام کے تاریخی قبرستان اور اس میں موجود شیعہ سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی قبور بارگاہوں اور مزاروں کو مسمار و منہدم کردیا، جہاں اجداد رسول اکرم (ص) اہل بیت (ع)، امہات المومنین (رض) اور اصحاب پیغمبر (ص) کے مزارات بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جنت البقیع کی تاراجی کے وقت ملت اسلامیہ یک زبان ہوکر اس عظیم اہانت اور توہین پر سراپا احتجاج ہو جاتی تو آج ان اسلامی مقدسات کے دشمنوں کی اتنی مجال نہ ہوتی کہ یہ بغداد، کربلا، شام، مصر اور دیگر ممالک میں اہل بیت اور اصحاب رسول (ص) کے مزارات کی جانب میلی آنکھ اٹھا کر بھی دیکھتے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ مزارات اور قبور مقدس کا احترام تمام مکاتب کے درمیان یکساں ہے، کسی بھی غیرت مند مسلمان کا نفس ان مقامات مقدسہ کی توہین برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے تمام عالم اسلام خصوصاً شیعہ سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء، دانشور، اہل ممبر اور اہل قلم حضرات کی ذمہ داری ہے کہ جنت البقیع میں مسمار و منہدم شدہ قبور مقدس کی تعمیر نو کے لئے ایک بین الاقوامی تحریک کی داغ بیل ڈالیں تاکہ یہ روحانی و معنوی سرمایہ اور آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے اس عظیم نوعیت کے قبرستان کی حفاظت کی جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 293036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ) یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان کے بجا‏ئے اگر پورے ملک میں اپنے طرفداروں کے ساتھ آل سعود کے خلاف مظاھرے کرتے تو بہتر تھا
ہماری پیشکش