0
Monday 19 Aug 2013 09:51

کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، عبدالرشید ترابی

کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ لبرل قوتوں اور اقوام عالم کو مصر اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم نظر کیوں نہیں آتا، یہود و ہنود نے مل کر امت مسلمہ کے مینڈیٹ کے خلاف سازش کی، مصر میں ہونے والے قتل عام نے چنگیزوہلاکو کی یاد کو تازہ کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے لاکھوں نوجوان لاپتہ ہیں۔ تعلیمی اداروں سے نوجوانوں کو اٹھایا جاتا ہے اور فرضی جھڑپوں میں شہید کر دیا جاتا ہے۔ کشمیریوں کو طاقت کے ذریعے حق آزادی سے محروم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عرب لیگ اور عرب حکومتوں کا مصر کے حوالے سے بیان انتہائی مایوس کن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےاسلام آباد میں جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان کو مصر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے اور پاکستان کی تمام صوبائی اسمبلیوں میں اس کی مذمت کی قرارداد آنی چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت ایک طرف نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال گولہ باری کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف ہمارے وزیراعظم دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں جو پاکستان کی سلامتی کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے۔ بھارت پاکستان کو آبی جارحیت کے ذریعے ڈبونا چاہتا ہے اور پاکستان بنجر بنانا چاہتا ہے۔ پاکستانی قوم کو کشمیریوں کےساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ طاغوتی قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 293754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش