0
Wednesday 28 Aug 2013 22:28

علامہ مفتی جعفر نے شیعہ عوام کے ساتھ ساتھ دیگر عوام کے حقوق کی بھی حفاظت کی، علامہ ساجد نقوی

علامہ مفتی جعفر نے شیعہ عوام کے ساتھ ساتھ دیگر عوام کے حقوق کی بھی حفاظت کی، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربرہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ قائد مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین ؒ نے عوام کے حقوق کے لئے جو جدوجہد کی وہ اپنی مثال آپ تھی، جس میں پاکستانیت کا عنصر غالب رہا جبکہ انہوں نے شدت پسندی اور شرپسندی کی نفی کرتے ہوئے اعتدال اور اتحاد کو مدنظر رکھا، ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل پر آواز بلند کی اور عوام کے جذبات کی ترجمانی اپنے اصولی موقف کے ذریعے کی، آپ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور حقیقی جمہوریت کی عدم دستیابی پر ہر وقت پریشان رہتے تھے، کیونکہ سیاسی عدم استحکام کو ملک کی بقاء کے لئے نقصان دہ سمجھتے تھے، اسی روش اور جدوجہد کو مشعل راہ بنا کر یہ کارواں اب بھی سوئے منزل گامزن ہے۔

قائد مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین ؒ کی 30 ویں برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مفتی جعفر حسین ایک حقیقت پسند رہنما تھے اور انہوں نے اعتدال پسندی، اتحاد و یکجہتی اور صاف ستھری سیاست کے گہرے نقوش چھوڑے، جو ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ وہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنے کے خواہشمند تھے اور اس بات پر متفکر تھے کہ اگر آئین و قانون کو بالادستی حاصل نہ ہوسکی تو ملک شرپسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں آکر تباہی کی طرف چلا جائے گا۔ ان کی دوراندیشی اور وسیع سوچ آج کے حالات واضح کرتی ہے، ان حقیقتوں پر غور کیا جائے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ دور آمریت میں پیرانہ سالی کے باوجود اپنے جائز اور دستوری حقوق کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا علامہ مفتی جعفر حسین کا خاصا تھا، جنہوں نے نہ صرف شیعہ عوام کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ کیا بلکہ ملک میں بسنے والے دیگر عوام کے حقوق کی بھی حفاظت کی اور سب پر واضح کیا کہ جبر و ظلم کے ذریعہ کسی کے جائز حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالا جاسکتا۔ علامہ ساجد نقوی نے مفتی جعفر حسین کی ملی، قومی، مذہبی اور علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علامہ مفتی جعفر حسین کی مثبت، تعمیری اور حب الوطنی پر مبنی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے ملکی سلامتی اور قومی وحدت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 296495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش