0
Sunday 1 Sep 2013 19:15

مہاجر ری پبلکن آرمی کے ممبران کی شناخت کے بعد قانونی کارروائی کی جائے، رپورٹ وفاقی حکومت

مہاجر ری پبلکن آرمی کے ممبران کی شناخت کے بعد قانونی کارروائی کی جائے، رپورٹ وفاقی حکومت
اسلام ٹائمز۔ کراچی بدامنی کے حوالے سے اٹارنی جنرل آف پاکستان منیر اے ملک نے وفاق کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میڈیا کو فراہم کر دی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی شہر کو مختلف قسم کے خطرات کا سامنا ہے۔ امن و امان کیلئے بڑے خطرات میں دہشت گردی، لسانی اور سیاسی قتل شامل ہیں۔ جرائم پیشہ گروہوں نے منظم شکل اختیار کر لی ہے۔ اسمگلنگ، منشیات، بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے اور ناجائز اسلحہ شہر میں عام ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ مہاجر ری پبلکن آرمی کے ممبران کی شناخت کے بعد قانونی کارروائی کی جائے جبکہ لیاری میں بڑے آپریشن سے اجتناب کیا جائے۔ عثمان آباد، کھارادر اور دیگر علاقوں میں سیکورٹی اور مانیٹرنگ میں اضافہ کیا جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے لیاری کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے تجاویز دی ہیں۔ تجویز یہ ہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے رینجرز اور پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے۔ آئی ایس آئی اور آئی بی جرائم پیشہ گروپ کی مرکزی قیادت کی نشاندہی کریں گی۔ رپورٹ کے مطابق کچھی برادری کے علاقوں میں نمایاں سیکورٹی ہونی چاہئے۔ جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کے لئے جدید آلات کو بروئے کار لایا جائے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے قبل 44 لاکھ سے زائد موبائل سموں کی تصدیق نہ ہونے پر انہیں بند کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 297616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش