0
Tuesday 17 Sep 2013 01:10

واشنگٹن، امریکی بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز پر فائرنگ، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

واشنگٹن، امریکی بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز پر فائرنگ، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ امریکی فوجی تنصیبات ایک بار پھر نشانہ بنیں اپنی ہی سرزمین پر، اس بار واشنگٹن میں بحریہ کے ہیڈ کوارٹر میں مسلح افراد نے 12 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ صدر بارک اوباما نے اس واقعے کو بزدلانہ اقدام قرار دیدیا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 8 بجے کے قریب بحریہ کے اہم ترین آپریشنل ہیڈ کوارٹر میں فائرنگ سنائی دی، واقعے کے 7 منٹ بعد فورسز کے دستے عمارت میں داخل ہوگئے، فوری طور پر عمارت میں موجود تمام افراد کو اندر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی اور عمارت میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پہلے زمینی کارروائی کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم نے عمارت کے اندرونی حصے کا رخ کیا، جس کے بعد ہیلی کاپٹرز کے ذریعے انسداد دہشت گردی ٹیم عمارت کے اندر داخل ہوئی۔ پولیس کے دستوں کے علاوہ ایف بی آئی نے بھی اس کارروائی میں حصہ لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایک حملہ آور نے فوجی وردی اور ایک نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ چوتھی منزل پر کیفے ٹیریا میں ہوئی۔ صدر اوباما کا کہنا ہے کہ امریکہ کو آج اپنی سرزمین پر ناقابل یقین پرتشدد کارروائیوں کا سامنا ہے۔ اس واقعے کی تحقیقات ایف بی آئی کے سپرد کر دی گئی ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی نیوی ہیڈ کوارٹرز پر فائرنگ تین افراد نے کی۔ ان میں ایک سیاہ فام بھی شامل تھا۔ تینوں عمارت میں مختلف جگہ پر پوزیشن لے کر فائرنگ کرتے رہے، جس سے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بحریہ ہیڈ کوارٹرز کو گھیرے میں لے لیا۔ امریکی بحریہ کے سپیشل کمانڈوز نے آپریشن شروع کیا اور تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق عمارت میں موجود تین ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ امریکی صدر اوباما کو بھی واقعے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ پولیس اس عمارت میں ایک مسلح شخص کی تلاش کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 20 منٹ پر داخل ہوئی۔ اس واقعہ میں ایک پولیس افسر سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ تمام جوانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر رہیں۔ اس واقعے کے بعد امدادی اداروں کی درجنوں گاڑیاں عمارت کے گرد جمع ہوگئیں جبکہ ہیلی کاپٹروں نے علاقے کی نگرانی شروع کر دی۔ واضع رہے کہ امریکی نیوی کے مطابق واشنگٹن نیوی یارڈ امریکی بحریہ کا سب سے پرانا ساحلی ٹھکانا ہے اور اسے پہلی بار 19 ویں صدی میں کھولا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 302449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش