0
Wednesday 30 Oct 2013 16:25

پاک ایران سرحد پر ایرانی فورسز کی فائرنگ، دو افراد زخمی

پاک ایران سرحد پر ایرانی فورسز کی فائرنگ، دو افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ پنجگور کے قریب پاک ایران سرحد پر ایرانی بارڈر فورسز کے اہلکاروں نے پاکستانی علاقے میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پنجگور کے قریب پاک ایران سرحد پر ایرانی بارڈر فورسز نے ایرانی سرحد سے پاکستانی سرحد میں داخل ہونے والی ایک مشتبہ گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، تاہم مشتبہ افراد پاکستانی سرحد میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے بعد میں واقعے کی اطلاع پر پاکستانی سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن سے تین گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں، گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی سرزمین کئی مرتبہ ایران کے خلاف استعمال ہو چکی ہے اور تہران اس معاملے کو اٹھا چکا ہے۔ جند اللہ نامی دہشتگرد تنظیم ایران کے اندر کئی کارروائیاں کرچکی ہے۔

دوسری جانب ایرانی اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دوطرفہ سیکیورٹی معاہدے کا احترام اور اپنی سرزمین پر موجود ایران مخالف عناصر کیخلاف ایرانی فورسز کو کارروائی کی اجازت دے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے قومی سلامتی اور خارجہ کے چیئرمین علاؤ الدین بروجردی نے پاک ایران سرحد پر 17 بارڈر سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس معاملے کی وضاحت کرنا ہوگی کہ کیا وہ ایسے عناصر کی حمایت کر رہا ہے یا نہیں؟ اور اگر ایران مخالف ایسے عناصر کو پاکستان کا تعاون حاصل نہیں تو ایرانی فورسز کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر پاکستانی ہم منصب سے بات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 315827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش