0
Sunday 10 Nov 2013 21:53

محرم میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر لئے گئے ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

محرم میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر لئے گئے ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرلئے گئے ہیں۔ امن و امان کے قیام اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے عوام حکومت سے بھرپور تعاون کرے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی، وزیراعلٰی کے ترجمان جان محمد بلیدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے گذشتہ کئی دنوں سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں مختلف اجلاس بھی ہوئے۔ آج علمائے اہل سنت اور اہل تشیع کا اجلاس ہوا جبکہ اس سے قبل وزیر داخلہ کی زیر صدارت بھی اجلاس ہوتے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آج میں نے اپنی تمام سرکاری مصروفیات ترک کرکے محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی اور اس میں ہم نے کوشش کی، کہ محرم الحرام کے جلوس اور دیگر مجالس کو ہر ممکن تحفظ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انتہائی ذمہ داری کے ساتھ امن قائم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ یہ علمائے کرام اور عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے، کہ وہ امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کی فضاء کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ محرم الحرام کے دوران اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے اپنے عقائد اور نظریات کے مطابق اپنے مذہبی فرائض انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو امن کی ضرورت ہے۔ مخلوط حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، عوام بھی اپنا کردار ادا کرے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوم عاشور جمعہ کے دن آ رہا ہے۔ اس سلسلے میں جلوس کے روٹ میں موجود تمام مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے اہل سنت اور اہل تشیع کے علماء سے مل کر پلان تیار کر لیا ہے اور تمام مساجد میں جمعہ کی نماز وقت پر ہو گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرلئے گئے ہیں اور آج کے اجلاس میں اس حوالے سے کسی نے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔

خبر کا کوڈ : 319658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش