0
Friday 22 Nov 2013 09:00

اہلسنت ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مظاہروں میں ہرگز شرکت نہ کریں، سنی تحریک

اہلسنت ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مظاہروں میں ہرگز شرکت نہ کریں، سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سُنی تحریک علماء بورڈ کے چیئرمین مفتی غفران محمود سیالوی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سانحہ راولپنڈی کے متاثرین کے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد ہڑتال یا احتجاج کا کوئی شرعی اور قانونی جواز نہیں ہے۔ اہلسنت و جماعت بریلوی مکتبہ فکر بلاجواز احتجاج کی کال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ ملک و قوم پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں، مزید فساد اور ہنگاموں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پرجمعہ کو ملک گیر یوم امن کے طور پر منائیں گے۔

ملک میں شیعہ سُنی فساد کا کوئی وجود نہیں،  انتہا پسند جماعتیں اہلسنت کا نام استعمال کرکے ملک کے پرامن اور محب وطن طبقہ کو بدنام کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ پاکستان سُنی تحریک اہلسنت کیخلاف کی جانے والی سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے27 نومبرکو آل پارٹیز کانفرنس بلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء بورڈ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مفتی غفران محمود سیالوی نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی ملک کو فرقہ واریت اور خانہ جنگی کی آگ میں جھونکنے کی سازش ہے۔ متاثرین کے نقصان کے ازالہ کی حکومتی یقین دہانی اور ملزمان کی گرفتاری میں پیش رفت کے باوجود احتجاج کا اعلان فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی مذموم سازش ہے۔ مسلکی اختلافات کی بنیاد پر قتل و غارتگری کسی صورت درست عمل نہیں ہے۔ عوام اہلسنت پرامن رہیں اور ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مظاہروں میں ہرگز شرکت نہ کریں۔ فرقہ واریت پھیلانے والے ملک کے وفادار نہیں ہیں۔ قوم انتشارپھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کرے۔

مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی محمدعارف چشتی، علامہ محمدہاشم مجددی، علامہ عبداللطیف ہزاروی، علامہ بشیراحمدنقشبندی، علامہ تنویرحسین قادری، علامہ مجاہدعبدالرسول خان، علامہ سیدعرفان شاہ مجددی، مفتی آصف سعیدقادری، علامہ عبدالحفیظ رضوی، علامہ محمدہاشم مجددی، مفتی محمدحسیب عطاری سمیت سُنی تحریک علماء بورڈ کے دیگرعلماء ومفتیان کرام نے اپیل کی کہ تمام مکاتب فکر کے علماء مذہبی فرقہ وارانہ کشیدگی کا راستہ روکنے کیلئے کرداراداکریں۔ ملک وقوم کو انتشاراورفسادسے بچانے کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 323450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش