0
Wednesday 22 Jan 2014 00:08

سیکورٹی فورسز پر حملے پاکستان کی سلامتی پر حملے ہیں، لیاقت بلوچ

سیکورٹی فورسز پر حملے پاکستان کی سلامتی پر حملے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام کسی بے گناہ کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔ سیکورٹی فورسز پر حملے پاکستان کی سلامتی پر حملے ہیں ملک کیلئے جانیں دینے والے جوان قابل فخر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی، میڈیا ایڈوائزر کنور محمد صدیق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے واقعات منظم سازش کے ساتھ مسلسل بڑھتے جارہے ہیں اب تک دہشت گردی کے ان واقعات میں55ہزار جانیں قربان ہو چکی ہیں اور ایک سو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ اب انٹیلی جنس اداروں اور تجزیہ نگاروں کو ملک دشمن قوتوں اور عناصر کے چہروں سے پردہ اُلٹ دینا چاہئے اور ان کے اصل چہرے قوم کے سامنے لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کر کے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں اور اس خطے میں بھارت کی بالا دستی قائم کرنا چاہتی ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ دشمن قوتیں تو متحد ہیں مگر ہم انتشار کا شکار ہیں پوری قوم کو متحد ہو کر دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اے پی سی بلانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا جب تک حکمران اے پی سی کے فیصلوں پر سنجیدگی سے عمل نہ کریں۔ پہلے بھی مشترکہ پارلیمنٹ اور اے پی سی کے اجلاس میں بلائے گئے مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا کیونکہ نہ تو پیپلزپارٹی کی حکومت نے اور نہ ہی میاں نواز شریف نے اے پی سی کی سفارشات پر عمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے آپشن پر سنجیدگی سے عمل کرنا چاہئے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں اور اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں کو ترتیب دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 343592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش