0
Friday 4 Apr 2014 08:57

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے دوہرا معیار ترک کرے، عبدالمجید

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے دوہرا معیار ترک کرے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے دوہرا معیار ترک کرے اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ استصواب رائے کا حق دلائے اور بھارت کو طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروائیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں کشمیر ہائوس میں پریس کلب میرپور کے صدر کی قیادت میں جرنلسٹس کیمونٹی اور تارکین وطن کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ 

انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے کشمیر ایشو کو فوکس کر رکھا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اہل قلم اور بیرون ممالک آباد تارکین وطن کو اس اہم مرحلے پر اپنی کوششوں کو مزید منظم اور متحرک کرنا ہوگا تاکہ حق خودارادیت کی اس جدوجہد کو کامیابی مل سکے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کر سکیں۔ 

وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری اور وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر بھی اس موقع پر موجود تھے، کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر نے اس موقع پر آزادکشمیر میں جرنلسٹس کیمونٹی کے لیے ٹیکنو کریٹ کی سیٹ مختص کرنے اور آزادکشمیر میں جرنلسٹس کالونیوں کے قیام کے اقدامات پر جرنلسٹس کیمونٹی کی طرف سے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر وفد کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی خدمت آزاد کشمیر کے عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر کی جرنلسٹس کیمونٹی کے جملہ معاملات کو یکسو کیا جائے گا اور آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں پریس کلبوں کی عمارات فراہم کی جائیں گی اور ورکنگ جرنلسٹس کے لیے جرنلسٹس کالونیاں قائم کی جائیں گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر قلم قبیلے سے کہا کہ وہ کشمیر ایشو کو فوکس کریں اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنے قلمی جہاد کو تیز کریں۔
خبر کا کوڈ : 368887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش