0
Sunday 13 Apr 2014 19:07

نواز حکومت سے متعلق گیلپ سروے رپورٹ عوام کیساتھ بھونڈا مذاق ہے، وقار مہدی

نواز حکومت سے متعلق گیلپ سروے رپورٹ عوام کیساتھ بھونڈا مذاق ہے، وقار مہدی

اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی نے نواز شریف حکومت سے متعلق کرائے گئے گیلپ سروے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق قرار دیا ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ 2013ء میں کرایا گیا سروے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم جس میں ملک سے لوڈشیڈنگ 6 ماہ میں ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج 11 ماہ گزرنے کے باوجود پورا ملک لوڈشیڈنگ کے بدترین عذاب سے گزر رہا ہے، بے روزگاری انتہاء کو پہنچ گئی ہے، ملک کی کل آبادی کے 52 فیصد سے زیادہ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، مذاکرات کے باوجود دہشت گردی عروج پر ہے اور گیلپ سروے میں (ن) لیگ کی حکومت 59 فیصد بہتر بتایا جا رہا ہے جو کہ سفید جھوٹ اور لطیفے سے زیادہ کچھ نہیں ہوسکتا ہے۔
 
وقار مہدی نے کہا کہ صدارتی اختیارات کی پارلمینٹ کو منقلی سمیت بے شمار عوام دوست اقدامات سے تاریخ بھری پڑی ہے لیکن گیلپ سروے کا ادارہ ان اقدامات کو بیان کرنے سے قاصر نظر آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کس کی کارکردگی بہتر تھی یا بہتر ہے عوام 2018ء کے الیکشن میں فیصلہ کر دیں گے۔ انھوں نے سوال کیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے جو دعوے اور وعدے کئے تھے ان کا نتیجہ کیا نکلا، جو کام وہ 6 ماہ میں کرنے والے تھے اس کا انجام کیا ہوا اور شہباز شریف اپنا نام کب تبدیل کریںگے۔ وقار مہدی نے گیلپ سروے کے ادارے کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ٹھنڈے کمروں سے باہر نکلیں اور غریبوں کی بستیوں اور گاؤں اور گوٹھوں کا دورہ کرکے عوام کی رائے لیں تو اصل حقیقت سامنے آجائے گی اور انہیں اپنے اس سروے پر خود شرمندگی ہوگی۔

خبر کا کوڈ : 372442
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش