0
Thursday 3 Jul 2014 16:38

ماہ صیام تحمل و برداشت کیساتھ امت واحدہ کا درس دیتا ہے، امہ کی فلاح بھی وحدت میں مضمر ہے، علامہ عارف واحدی

ماہ صیام تحمل و برداشت کیساتھ امت واحدہ کا درس دیتا ہے، امہ کی فلاح بھی وحدت میں مضمر ہے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں صبر و تحمل، برداشت اور اتحاد کا درس دیتا ہے، امت مسلمہ مشکل حالات کا شکار ہے، وحدت سے ہی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں، پاکستان میں اتحاد امت کی عملی مثالیں قائم ہیں، امت مسلمہ کے خلاف سازشوں کا مقابلہ بھی صرف اتحاد سے کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مرکزی دفتر میں ان سے ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالٰی کی طرف سے بہترین تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں ماہ صیام صبر و تحمل، برداشت کا درس دیتا ہے وہی باہمی احترام اور اتحاد کا پیغام بھی اپنے ساتھ لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری اسلامی دنیا انتہائی مشکلات حالات سے دوچار ہے، ارض وطن دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہے، ہمسایہ ملک افغانستان کی صورتحال بھی اچھی نہیں جبکہ عراق، شام، مصر اور بحرین کے حالات بھی انتہائی پریشان کن ہیں جبکہ برما میں مسلمانوں پر ماہ صیام میں بھی ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، فلسطین اور کشمیر میں ظلم و بربریت تھمنے کا نام نہیں لیتی، سوال اٹھتا ہے کہ اسلامی دنیا قدرتی وسائل سے مالا مال مگر اس کے باوجود کیوں عدم استحکام کا شکار ہے، اس کی اصل وجہ وحدت کا فقدان ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں امت مسلمہ کی نجات کا واحد راستہ اتحاد ہے، یہی واحد راستہ ہے جس پر چل کر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام ایک مرتبہ پھر حاصل کرسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اتحاد امت کی عملی مثالیں موجود ہیں اور علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں ہم وحدت کا علم لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، ہم اس ملک میں اتحاد امت کے بانیان میں سے ہیں۔ انہوں نے وفود پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ماہ مبارک میں عبادات کے ساتھ ساتھ اتحاد امت کا پیغام بھی عوام تک پہنچائیں کیونکہ روداری اور بھائی چارے کی فضاء سے ہی ملک میں پائیدار امن و استحکام قائم کیا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 397092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش