0
Friday 11 Jul 2014 16:56
نہتے فلسطینیوں کیخلاف صیہونی جارحیت پر عالمی برادری خاموش

صیہونی درندگی کی انتہا، وحشیانہ بمباری سے 107 فلسطینی شہید، 700 سے زائد زخمی

صیہونی درندگی کی انتہا، وحشیانہ بمباری سے 107 فلسطینی شہید، 700 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ صیہونی فوج نے نہتے فلسطینوں پر زندگی تنگ کر دی۔ گذشتہ 4 روز سے صیہونی گولہ باری اور فضائی حملے جاری ہیں۔ غزہ میں جارحیت کی تازہ کارروائی کے دوران مزید 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔ گذشتہ روز صیہونی فوج نے خان یونس میں ایک کافی شاپ کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے میں 5 بچوں اور 3 خواتین سمیت 17 فلسطینی شہید ہوئے۔ جمعرات کو بچوں سمیت 32 فلسطینی شہید ہوئے۔ شہادتوں کے علاوہ بمباری سے سینکڑوں گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے۔ شہری کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ جوابی کارروائی میں حماس نے تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیلی ایٹمی پلانٹ ڈیمونا پر کئی راکٹ داغے۔ صیہونی جارحیت میں ہلاکتوں کی بڑھتی تعداد کے بعد امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کو ٹیلی فون کرکے جنگ بندی کرانے میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کی اور نہتے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے پر زور دیا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح غزہ پر حملہ کیا گیا، جس میں تین فلسطینی شہید ہوئے۔ چار روز میں شہید کی تعداد 107 ہوگئی ہے۔ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے جنگ بندی کی کوششوں کے لیے وزارتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں چار روز سے صیہونی افواج کے حملے جاری ہیں۔ گذرتے وقت کے ساتھ صیہونی جارحیت میں شدت آتی جا رہی ہے۔ آج صبح غزہ میں بمباری کی گئی اور ایک بار پھر نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جمعرات کو بھی جنوبی شہر خان یونس سمیت کئی علاقوں میں بم برسائے گئے۔ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دو گھر بھی صیہونی بمباری کی زد میں آئے جہاں چار خواتین اور چار بچے لقمہ اجل بنے۔ فضائی حملوں کے ساتھ صیہونی حکومت غزہ میں ممکنہ زمینی کارروائی کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں 20 ہزار ریزرو فوجیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔ 
نہتے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت پر عالمی برادری خاموش ہے۔ اقوام متحدہ، امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے صیہونی جارحیت رکوانے کے لیے اب تک کوئی سنجیدہ کوشش سامنے نہیں آئی ہے۔ فرانس اور جرمنی نے صیہونی جارحیت کی مذمت کرنے کے بجائے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی مذمت کی ہے۔ ادھر امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو فون کیا اور جنگ بندی کرانے میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔ انہوں نے کہا کہ فریقین فوجی کارروائی کے دوران شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل اور حماس پر کشیدگی ختم کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صورتِ حال تباہی کے دہانے پر ہے۔ ادھر جدہ میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزراء پر مشتمل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو جنگ بندی کرانے کے لیے سلامتی کونسل اور عالمی برادری میں رائے ہموار کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 398797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش