0
Thursday 7 Aug 2014 11:04

حکومت مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، چوہدری عبدالمجید

حکومت مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ حکومت لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر بجلی و پانی خواجہ آصف پیبکو کو مظفرآباد شہر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انفراسٹرکچر کی ترقی اور تعلیمی انقلاب کے ذریعہ آزاد خطہ کو معاشی خوشحالی کے راستے پر ڈالنا ترجیحات میں شامل ہے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی کے کشمیریوں کے حق خودارایت کے حق میں دو ٹوک موقف اپنانے سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نئی تقویت ملے گی۔ وہ بدھ کے روز ایوان وزیراعظم میں صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بجلی کی ضروریات صرف 3سو میگاواٹ ہے جبکہ یہاں سے ڈیڑھ ہزار میگا واٹ کے لگ بھگ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کی خاطر آزادکشمیر کے لیے بجلی کا کوٹہ مختص کرانے کے لیے وفاقی وزارت پانی و بجلی سے بات چیت گذشتہ عرصہ سے چل رہی ہے۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے پیبکو کو ہدایت کی کہ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد شہر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی آزادکشمیر کے لیے کوٹہ مختص کرنے پر متفق ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مظفرآباد کے بعد دیگر شہروں کے لیے بھی کوٹہ مختص کرایا جائے جس پر وفاقی وزیر خواجہ آصف یقین دہانی بھی کرا چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی تقویت ملی ہے اور کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کوششوں سے او آئی سی نے کشمیر پر اسلامی وزراء خارجہ کا رابطہ گروپ بنایا جس میں کشمیریوں کو بھی مبصر کی حیثیت سے نمائندگی دلائی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور اپنے وعدوں کے انحراف کی وجہ سے کشمیری ابھی تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق، حق خودارادیت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔

ایک اور سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو تحریک آزادی کشمیر کے علاوہ آزادکشمیر میں ترقیاتی اور تعمیرنو کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو بڑھا کر اسے انفراسٹرکچر کی ترقی، تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں مزید بہتری لانے کے لیے استعمال کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 403510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش