0
Friday 28 Nov 2014 14:38

آئی ایس او کے زیر اہتمام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں یوم حسین کا انعقاد

آئی ایس او کے زیر اہتمام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں یوم حسین کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں جامعات اور کالجز سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں یوم حسینؑ کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے کراچی کی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پارکنگ ایریا میں آئی ایس او جے ایس ایم یو یونٹ کے زیر اہتمام یوم حسین کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ، نان ٹیچنگ اسٹاف اور طلباء و طالبات بہت بڑی تعداد میں شریک تھے۔ یوم حسین سے سنی اتحاد کونسل کراچی کے صدر علامہ فیصل عزیزی بندگی، علامہ محمد علی نقوی، علامہ کمیل مہدوی، علامہ روح اللہ پیش نماز مسجد و امام بارگاہ سفینہ النجات جناح اسپتال اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ یوم حسین میں علی دیپ رضوی، ابوزر زیدی، شاعر علی شاعر سمیت مختلف نوحہ خواں حضرات نے سلام عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر مسجد و امام بارگاہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والی شیر خوار بچی بتول وقار کے والد نے بھی خصوصی شرکت کی اور پیغام دیا۔ علامہ فیصل عزیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اتحادد بین المسلمین کا یہ مقصد ہر گز نہیں ہے کہ کوئی شیعہ ہے تو وہ سنی ہو جائے اور کوئی سنی ہے تو وہ شیعہ ہو جائے، بلکہ اسکا مقصد ہے کہ مسلمان آپس میں اتحاد و وحدت کے ساتھ آوازِ حسینی پر لبیک کہتے ہوئے موجودہ یزیدیت کے خلاف ڈٹ جائیں، مسلمانان عالم پیغام حسینی کے ذریعے اسلام دشمن یزیدی اور باطل قوتوں کی فرقہ واریت سمیت تمام ناپاک سازشوں کو ناکام بنا دیں۔

یوم حسین سے اپنے خطاب میں علامہ محمد علی نقوی نے کہا کہ امام حسین کی ذات پر ناصرف مسلمان بلکہ تمام انسانیت جمع ہے، لہٰذا پیغامِ حسینی پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کے دشمنوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، امام حسین کا پیغام حق اور بقائے انسانیت کا پیغام ہے۔ علامہ کمیل مہدوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسین نے یزید کی بیعت نہ کرکے رہتی دنیا تک تمام حریت پسندوں کو یہ واضح پیغام دیدیا ہے کہ اپنا سر تو کٹوایا جا سکتا ہے لیکن کسی بھی ظالم جابر حکمران کے آگے سر نہیں جھکایا جا سکتا۔ شہیدہ بتول وقار کے والد احسن وقار نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے اپنے علماء اور جوانوں کے لاشے اٹھائے لیکن اس ماہ محرم میں ہم نے شیر خوار بچی کا بھی جنازہ اٹھا کر یزیدیت شکن پیغام دیا کہ ہم اُس حسینؑ ابنِ علیؑ کے پیروکار ہیں کہ جنہوں نے کربلا میں اپنے شیر خوار فرزند علی اصغرؑ کا لاشہ اٹھایا تھا، لہٰذا پروکارانِ سید شہداء یزیدیت کے خلاف کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔
صحافی : سید ظفر حیدر
خبر کا کوڈ : 421870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش