0
Saturday 31 Jan 2015 20:16

انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، وزیراعظم کی خصوصی شرکت

انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، وزیراعظم کی خصوصی شرکت
اسلام ٹائمز۔ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی پہلی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، وزیراعظم میاں نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال خان، ڈی جی رینجرز حامد زمان خان، کور کمانڈر لاہور، صحافی سلیم بخاری، سمیع ابراہیم، پرویز بشیر، حسن نثار، ہارون رشید، عارف نظامی، مجیب الرحمان شامی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا، ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ رائے طاہر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام نے بھی شرکت کی۔ انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے اور ان کی گرفتاری کے لئے آپریشن کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

تقریب میں انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں سے حلف لیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ ایلیٹ ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ کی بنیاد 16 برس قبل رکھی گئی تب سے یہ ادارہ پولیس فورس کو مثالی اہلکار فراہم کر رہا ہے اور اس وقت یہ سنٹر دنیا کا بہترین سنٹر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والی فورس کے اہلکار معاشرے میں قیام امن کے لئے مثالی کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس معاشرے میں دہشت گردی کے خاتمے میں موثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی فورس نے اپنی پاسنگ آؤٹ سے دہشتگردوں کو ان کے مکمل خاتمے کا پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک کی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے لیکن 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشتگردانہ واقعہ نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس ملک کو امن کا گہوراہ بنائے گی، باقی صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی ایپکس کمیٹی کام کر رہی ہے جو کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں مذہبی منافرت پھیلانے والی کتابوں اور دیگر لٹریچر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال روکنے کے لئے بھی قانون میں ترمیم کی ہے، پنجاب میں وال چاکنگ پر بھی پابندی کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو شکست فاش دیئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہباز شریف نے غیر ملکی مہمانوں کے لئے انگریزی میں بھی خطاب کیا جبکہ انہوں نے عربی زبان میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف عزم صمیم لے کر نکلے ہیں اور انشااللہ کامیاب ہوں گے کیوں کہ جب کوئی قوم متحد ہو کر کسی مقصد کے لئے اٹھ کھڑی ہو تو کامیابی اس کے قدم چوما کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کر کے دم لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 436257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش