0
Monday 16 Feb 2015 00:25

گوادر کاشغر روٹ میں تبدیلی کیخلاف ڈی آئی خان میں احتجاجی ریلی

گوادر کاشغر روٹ میں تبدیلی کیخلاف ڈی آئی خان میں احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں گوادر کاشغر روٹ میں ممکنہ تبدیلی کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جماعت الدعوۃ کے زیراہتمام ٹاؤن ہال سے نکلنے والی ریلی میں آل پارٹیز کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ریلی مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی توپانوالہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ احتجاجی ریلی سے جماعت الدعوۃ کے صوبائی ترجمان عتیق الرحمن چوہان، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر زاہد محب اللہ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اختر حسین قریشی، پیپلز پارٹی کے شائستہ خان بلوچ، و دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے نقشے میں تبدیلی برداشت نہیں کرینگے۔ یہ پاکستان کو تقسیم کرنیکی سازش کا حصہ ہے۔ ہم اپنا حق چھین کر بھی لینگے۔ اگر پرامن طور پر ڈیرہ اسماعیل خان کو پاک چین روٹ نقشے میں شامل نہ کیا گیا، تو ہم ہر قسم کا راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کاشغر روڈ پورے ملک کیلئے بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بیحد ضروری ہے، لیکن وفاقی حکومت روٹ کے نقشے میں تبدیلی کرکے صرف صوبہ پنجاب کو فوائد دینا چاہتی ہے۔ جو ہم کسی صورت بھی برداشت نہیں کرینگے، اور اسلام آباد میں پارلیمنٹ سمیت چینی سفارتخانے کے سامنے بھی دھرنا دینگے، تاکہ ڈیرہ اسماعیل خان کو بھی روٹ کے نقشے میں شامل کرکے معاشی خوشحالی اور اقتصادی انقلاب سے ہمکنار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی مقتدر جماعتوں کا دعوت کے باوجود احتجاج میں شامل نہ ہونا قابل مذمت ہے۔ انہیں عوام اور علاقے کے حقوق کیلئے ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔ یہ کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کا مسئلہ نہیں، بلکہ علاقے اور عوام کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی آئندہ کیلئے جو بھی لائحہ عمل طے کریگی، ہم اس کا بھرپور ساتھ دینگے، اور ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 440527
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش