0
Wednesday 8 Apr 2015 22:53
الطاف حسین کے بیان کو خوش آمدید کہتا ہوں

کراچی میں جہاں سے خوف کی فضا شروع ہوئی وہیں سے الیکشن لڑ کر اسے ختم کرینگے، عمران خان

جوڈیشل کمیشن نے انتخابات کو شفاف قرار دیا تو خود جا کر نواز شریف کو مبارکباد دونگا
کراچی میں جہاں سے خوف کی فضا شروع ہوئی وہیں سے الیکشن لڑ کر اسے ختم کرینگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کراچی میں کسی قسم کا انتشار یا تصادم نہیں بلکہ خوف کی فضا کو ختم کرنا چاہتے ہیں، اور عزیز آباد میں اگر شہداء ہیں تو کل وہاں جا کر ان کے لئے فاتحہ خوانی کروں گا۔ کراچی میں عمران اسماعیل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں خوف کی فضا ہے، لوگ آزادی سے ووٹ بھی نہیں دے سکتے، اگر لوگ اسی طرح خوف کی غلامی کریں گے تو وہ اپنا مستقبل کھو بیٹھیں گے، کیونکہ آزاد قومیں ہی ہمیشہ آگے بڑھتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں جہاں سے خوف کی فضا شروع ہوئی، وہیں جاکر الیکشن لڑا جائے اور اسے ختم کریں، کل اس فضا کو ختم کرنے خود جناح گراؤنڈ جاؤں گا، سنا ہے کہ وہاں میرے استقبال کیلئے انڈے اور ٹماٹر تیار ہیں، لیکن ہم بھی ہر طرح کے لئے تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 25 سال سے دیکھ رہے ہیں کہ عزیز آباد سے لوگ الیکشن لڑتے ہوئے ڈرتے ہیں، لیکن کراچی والوں کو کہتا ہوں کہ یہ تبدیلی کا وقت ہے، اب اس طرح کی سیاست نہیں چلے گی، این اے 246 سے ہمارے امیدوار عمران اسماعیل پر دو بار حملہ ہوا، لیکن اگر اب ہمارے کارکنان کو کوئی نقصان پہنچا تو الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ درج کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں یہ ہمارا حق ہے کہ ہم کہیں سے بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں، اگر کسی کا خیال ہے کہ وہ خوف سے ہمیں روک سکتا ہے، تو اب وقت بدل چکا ہے اور تبدیلی آچکی ہے، جس کا پہلا ثبوت عمران اسماعیل کا عزیز آباد سے الیکشن لڑنا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم کراچی میں کسی قسم کا انتشار اور تصادم نہیں چاہتے، بلکہ شہر میں امن کا قیام چاہتے ہیں، الطاف حسین کے بیان کو خوش آمدید کہتا ہوں، اگر عزیزآباد میں ایم کیو ایم کے شہداء ہیں، تو کل وہاں خود جا کر فاتحہ خوانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246 میں جیت یا ہار سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن یہ الیکشن تاریخی ہے، اس لئے کراچی آیا ہوں۔

اس سے قبل حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں کمیشن بنا ہے، اور یہ سب دھرنے کا کمال ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ دھاندلی کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ہفتوں میں جوڈیشل کمیشن کا نتیجہ آئے گا، جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، جبکہ 2015ء الیکشن کا سال ہے اور اس سال الیکشن نہ ہوئے، تو اگلے الیکشن جوڈیشل کمیشن کی وجہ سے شفاف ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات تک اسمبلی غیر آئینی ہے، اور جب کمیشن نے انتخابات کو شفاف قرار دیا تو خود جا کر نواز شریف کو مبارکباد دیں گے۔

سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن کو تمام جماعتوں نے دھاندلی کا الیکشن کہا، اور آئین کے مطابق شفاف الیکشن سے ہی اسمبلی کا قیام عمل میں آسکتا ہے، تو پھر بتایا جائے کہ یہ اسمبلی کس طرح آئینی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن بن گیا ہے، اب سندھ کو زیادہ وقت دیں گے، کیونکہ اس صوبے میں تبدیلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس سے قبل بھٹ شاہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے شاہ عبداللطیف سائیں کے مزار پر فاتحہ خوانی کی ہے، اللہ ہمارے دورے میں برکت عطا فرمائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بن گیا ہے، جس کے بعد چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں، جس کے بعد اب وہ سندھ کے عوام میں زیادہ نظر آئیں گے، جب تک لوگوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار نہیں ملے گا، غریب مزید غریب تر ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو تھر میں ہو رہا ہے، وہ پاکستان کا المیہ ہے، اگر پیسا صحیح جگہ خرچ ہو تو 21 ویں صدی میں ایسا نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 452929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش