0
Monday 13 Apr 2015 15:11

پاکستان یمن میں جنگ بندی کیلئے کردار ادا کرے، خاتون جنت کانفرنس کا متفقہ اعلامیہ

پاکستان یمن میں جنگ بندی کیلئے کردار ادا کرے، خاتون جنت کانفرنس کا متفقہ اعلامیہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہل حرم پاکستان کے زیراہتمام جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں 12 اپریل کو نبی کریمؐ اور آپ صلعم کے اہل بیتؑ اطہار خاص طور پر آپ کی دختر گرامی قدر حضرت فاطمہ زہراؑ سے اظہار مودت و محبت کے لیے خاتون جنت کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر امت اسلامیہ کے حالات پر بھی غور و خوض کیا گیا اور عالمی حالات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں ممتاز علمائے کرام و مشائخ عظام اور دانشوران محترم نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس کانفرنس میں مندرجہ ذیل اعلامیہ کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔
 1۔
اللہ تعالی نے اسلام کو بطور دین تمام انسانیت کے لیے انتخاب فرمایا۔ تمام انبیاء اسی دین کے ساتھ مبعوث ہوئے اور یہ دین حضرت محمد مصطفی ؐ کے ساتھ کمال و اتمام کو پہنچا۔ ہم! اس دین کی ترویج اور اسے پوری انسانیت تک پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ یہ دین جو ایک جامع اور ہمہ گیر انسانی تہذیب کا علمبردار ہے اس کے خلاف دین دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہم اپنی فکر و عمل کی اجتماعی قوت کو بروئے کار لائیں گے۔ اسلام اور انسانیت کی دشمن قوتیں نبی کریم ؐ کی بے حرمتی اور توہین، قرآن مجید کو نذر آتش کرنے  امت اسلامیہ میں تفرقہ ڈالنے اور شدت پسند قوتوں کی سرپرستی کرنے کے لیے جو حربے استعمال کر رہی ہیں ہم انہیں ناکام بنانے کے لیے اپنی ایمانی قوت کے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے۔


عالم اسلام کے مختلف خطوں میں اس وقت جو مشکلات درپیش ہیں ہم انہیں استعماری اور صیہونی سازشوں کا شاخسانہ سمجھتے ہیں جس کا مقصد مسلمانوں کو باہم درگیر کرکے کمزور تر کرنا اور ناجائز طور پر قائم صہیونی ریاست کو تقویت بخشنا ہے، نیز مسلمانوں کے وسائل کو لوٹنا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس موقع پر اسلامی راہنماؤں کو بیداری کا ثبوت دینے اور باہمی معاملات کو مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں عرب و عجم یا کسی فرقہ وارانہ تقسیم سے بچتے ہوئے عدل و انصاف کے اسلامی پیمانوں اور اخوت و برادری کے دینی حکم کو سامنے رکھتے ہوئے مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں علمائے اسلام کو حکومتوں اور عوام کی راہنمائی کا فریضہ انجام دینا چاہیے۔


ہم اس امر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں کہ پاکستان کی دینی جماعتوں اور تمام مسالک کے علماء کے مابین اعتماد و اتحاد کا رشتہ قائم ہے جو ان کی اعلی دینی بصیرت کا آئینہ دار ہے۔ پاکستان میں انہی کی کوششوں کی وجہ سے عوام میں بھی ہم آہنگی قائم ہے نیز انہی کی کوششوں سے انتہا پسند اور دہشت گرد گروہ جو ملک میں فرقہ واریت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہتے ہیں، ناکام چلے آرہے ہیں۔


ہم عہد کرتے ہیں کہ اسلام کی سربلندی نیز ملک عزیز پاکستان میں دینی اقدار و تعلیمات کی بالادستی اور قرآن و سنت کی ترویج اور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مل کر جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ہم پاکستان میں لادینی اقدار کے فروغ اور فحاشی و عریانی کی ترویج کے لیے جو کوششیں جاری ہیں کی مذمت کرتے ہیں نیز نفرتوں کی سیاست کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہیں۔


پاکستان میں نسلی، علاقائی، لسانی اور مذہبی عصبیتوں کو ہم اس ملک عزیز کے لیے زہر قاتل سمجھتے ہیں اور اس تقسیم کی بنیاد پر مختلف طبقوں میں آویزش کی کوششوں کو اسلام کی آفاقی اور عظیم تعلیمات کے منافی سمجھتے ہیں۔


ہم تمام مسالک کے اکابر اور مقدسات کا احترام ضروری سمجھتے ہیں۔ انبیائے کرام، اہل بیت اطہارؑ، امہات المومنین،ؓ اصحاب رسولؓ ، اور اولیاء اللہ کی توہین کو حرام سمجھتے ہیں اور تمام طبقوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ایسی ہر حرکت جو مسلمانوں کے کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین سے عبارت ہو اس سے اجتناب کریں گے اور باہمی محبت و رواداری کے جذبے سے مل جل کر اس ملک کے امن و سلامتی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


اسلام اور آئین پاکستان نے اقلیتوں کو جو حقوق دئے ہیں ہم ان کی پاسداری کو ضروری سمجھتے ہیں۔ ان کی دینی شخصیات کے احترام اور دینی عبادت گاہوں کی حفاظت کو ضروری قرار دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اقلیتوں کے عبادت خانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔


ہم یمن کی صورت حال پر اظہار تشویش کرتے ہیں اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں اس سلسلے میں پاکستان کی پارلیمنٹ نے جو قرارداد منظور کی ہے ہم اس کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس قرارداد کی روح کے مطابق فوری اقدام کرے اور مشرق وسطی میں بھڑکائی گئی استعماری اور صہیونی آگ کو ٹھنڈا کرنے اور امت اسلامیہ کے مابین اتحاد کے لیے اپنی عملی کوششوں کا آغاز کرے۔


ہم پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائی اور قومی ایکشن پلان کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر طرح کی دہشت گردی اور ہر طرح کے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھتے ہوئے اسے جلدازجلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 453906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش