0
Sunday 26 Apr 2015 00:06

مجلس وحدت مسلمین کا خاتون سماجی رہنما سبین محمود کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

مجلس وحدت مسلمین کا خاتون سماجی رہنما سبین محمود کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی میں گزشتہ روز معروف سماجی کارکن اور غیر سرکاری تنظیم The 2nd Floor کی ڈائریکٹر سبین محمود کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شروع ہو گئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے سبین محمود کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار اور شہر میں موجود کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف آپریشن کریں۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ مختار امامی نے کہا کہ انسانی حقوق اور ظلم کے خلاف اٹھانے والی سبین محمود کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم کا حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ سماجی رہنماء سبین محمود کے قتل کے بعد گزشتہ واقعات کی طرح کمیٹی بنا دی جائے گی اور ورثا انصاف کی حصول کیلئے بھٹکتے رہیں گے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری اور فوری سزا دی جائے، تو دہشتگردی کے واقعات میں یکسر کمی آئے گی۔

علامہ مختار امامی نے کہا کہ کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال گزشتہ ماہ سے ٹھیک تھی، مگر رواں ماہ سے اب تک پولیس اہلکاروں اور مختلف شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ شہر کے حالات کو دوبارہ خراب کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس بات کی توجہ دلا رہے ہیں کہ شہر قائد میں کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی فعالیت بڑھتی جا رہی ہے، جس کا حکومت نوٹس لے اور ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائے۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے خاتون سماجی رہنما سبین محمود کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 456530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش