0
Monday 4 May 2015 22:59

عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا بچہ جمہورا ہے، خواجہ سعد رفیق

عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا بچہ جمہورا ہے، خواجہ سعد رفیق
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے کسی رہنما نے الیکشن کے دن دھاندلی کا الزام نہیں لگایا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سابقہ اسٹیبلشمنٹ کا بچہ جمہورا ہے، جسے الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 125 میں ان کے حریف پی ٹی آئی کے حامد خان نے چالیس گھنٹے بعد دھاندلی کا الزام لگایا تھا، جبکہ ہمارے کسی اور حریف نے ہم پر کوئی دھاندلی کا الزام نہیں لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جعلی فیصلے کی کاپی میڈیا کے سامنے لہرائی ہے، فیصلے کی کاپی کل دی جائے گی۔ ٹریبونل نے مختصر فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ حامد خان نے دھاندلی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ کل 15 پولنگ اسٹیشن کے نتائج کی جانچ کی گئی، جن میں سے سات کے اندر بے ضابطگیاں دیکھی گئی ہیں۔ اگر بے ضابطگیاں پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے کی گئی ہیں تو انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ ایک شخص نے اوسطاً چھ ووٹ ڈالے، اب سوال یہ کہ یہ ووٹ تحریک انصاف کو پڑے یا ہمیں ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پریس کانفرنس کے دوران نادرا کی جھوٹی رپورٹ کا ذکر کیا، اگر یہ رپورٹ سچ پر مبنی ہے تو وہ میڈیا میں پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ پارٹی کرے گی کہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اعلٰی عدلیہ میں جانا ہے یا نہیں۔ یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے کہ وہ منصف کے فیصلے کو تسلیم کریں یا پھر اسے چیلنج کریں۔ اگر ان کے پاس اختیار ہوتا تو وہ آج ہی تحریک انصاف کے خلاف عوامی عدالت میں جانے کا اعلان کرتے، اور عمران خان کو چیلنج کرتے کہ وہ انتخابی مہم خود چلائیں تاکہ کوئی کسر باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ میری نااہلی کے خلاف مٹھائیاں بانٹنے والے انتظار کرلیں، کیونکہ خوشیاں اور غم منانے میں ٹھہراو ہونا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 458398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش