0
Saturday 16 May 2015 22:30

لاہور، آئی ایس او کے زیراہتمام یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے ریلی

لاہور، آئی ایس او کے زیراہتمام یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے ریلی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور کے زیراہتمام پریس کلب لاہور سے امریکی قونصلیٹ تک یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ امریکی پالیسیوں سے عالمی امن کو خطرہ ہے، اقوام عالم پر مسلط کردہ امریکی جنگوں کی ایک طویل فہرست ہے، جن میں کئے گئے مظالم پر انسانیت آج بھی شرمندہ ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں جاپانی شہروں پر امریکی ایٹمی حملے آج بھی انسانیت کے خلاف امریکی عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ امریکی فضائیہ کی جانب سے ویت نام جنگ کے دوران برسائے جانے والے کیمیائی بموں کے مہلک اثرات آج بھی پائے جاتے ہیں۔ فلسطینی مسلمانوں پر کئے جانے والے اسرائیل مظالم میں بھی امریکہ برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد علامہ عارف الحسین الحسینی کی ہدایت پر ہر سال یوم مردہ باد امریکہ منایا جاتا ہے، جس میں ملک بھر میں نوجوانان امامیہ، شیطان عصر امریکہ اور اس کے گماشتے اسرائیل کی خلاف سراپا احتجاج ہوتے ہیں۔

لاہور کے ڈویژنل صدر شکیل اصغر کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہونے والے تمام فسادات کی جڑ امریکہ ہے اور اسرائیل اس کا ثمر ہے، اسرائیل کے ناپاک وجود سے عالم اسلام کے قلب میں خنجر گھونپا گیا۔ 14 مئی 1948ء کو فلسطین کی مقدس سرزمین پر برطانیہ کی مدد سے صیہونی طاقتوں نے اسرائیل پر قبضہ مسلط کیا اور اس کے 2 دن بعد ہی 16 مئی کو امریکہ نے اس قبضہ کو تسلیم کیا اور اسرائیل کا معترف ہوا۔ اسی روز کو شہید قائد عارف حسین الحسینی نے یوم مردہ باد امریکہ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں یقین کر لینا چاہیے کہ امت مسلمہ کے خلاف ہر سازش کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عالم دین آیت اللہ نمر کو سزائے موت حق پرستی کی بنیاد پر سنائی گئی، ہم انسانی حقوق کی تنظیموں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس حوالے اپنا کردار ادا کریں۔ آئی ایس او ہر سال با فرمان شہید قائد ملک بھر میں 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ ریلی نکالتی ہے۔ مظاہرہ میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر احتجاجی شعار درج تھے۔
خبر کا کوڈ : 461251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش