0
Saturday 23 May 2015 15:37
امت مسلمہ میں اختلافات اور پھوٹ ڈالنا آج دشمنان اسلام کا ایک اہم ترین منصوبہ ہے

ہر وہ آواز جو اختلافات کو ہوا دینے کے مقصد سے بلند ہو، وہ دشمن کی آواز ہے، سید علی خامنہ ای

ہر وہ آواز جو اختلافات کو ہوا دینے کے مقصد سے بلند ہو، وہ دشمن کی آواز ہے، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے خلاف جاری سازشوں کے پیش نطر مسلمانوں کو چاہیئے مکمل ہوشیاری سے کام لیں اور دشمنوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کریں۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ہفتے کے روز علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر تہران میں منعقدہ قرآنی مقابلوں کے شرکاء سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ آج افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عالم اسلام، جاہلانہ نظاموں کے دباؤ کے سبب، داخلی جنگوں اور آپسی اختلافات کا شکار ہے، جو ان کی غربت اور کمزوری کا سبب بن رہا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اس کے مقابلے کا واحد راستہ، قرآن کے سامنے سرتسلیم خم کرنا اور پختہ عزم کے ساتھ اس کے اعلٰی اہداف کی جانب قدم بڑھانا ہے۔ سید علی خامنہ ای نے مزید کہا کہ اگر کوئی قرآنی اہداف کی سمت ایک قدم بھی اٹھاتا ہے تو خداوند عالم اسے دوگنی قوت عطا فرماتا ہے اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے کہ جس کا ایرانی قوم نے تجربہ کیا ہے۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں استقامت کے لئے ایرانی قوم کے تجربات سے بہرہ مند ہونے کو عالم اسلام کی مشکلات کا حل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں اختلافات اور پھوٹ ڈالنا آج دشمنان اسلام کا ایک اہم ترین منصوبہ ہے، اس لئے سب کو ہوشیار رہنا چاہئے، ایسا نہ ہو کہ مسلمان، اختلافات کا شکار ہوکر دشمنان اسلام و قرآن کے آلہ کار بن جائیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ہر وہ آواز جو اختلافات کو ہوا دینے کے مقصد سے بلند ہو، وہ دشمن کی آواز ہے، کہا کہ شیعہ و سنی، عرب و عجم اور مختلف دیگر قوموں میں نسلی و لسانی تعصبات کو ہوا دے کر پھوٹ ڈالنا، بدخواہوں کی سب سے بڑی سازش ہے اور اس سازش کا بصیرت و پختہ عزم کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اسلامی بیداری کے روز افزوں فروغ میں علماء، دانشوروں، طلباء، مصنّفین اور قاریان و حافظان قرآن مجید کی اہم ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ایسے راستے کی امید دلانی چاہئے کہ جس کی قرآن حکیم، بشارت دے رہا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اسلامی بیداری ایک ایسی حقیقت ہے کہ جسے ختم نہیں کیا جاسکتا اور اس کے اثرات مسلسل بڑھتے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 462769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش