0
Saturday 1 Aug 2015 19:26

علامہ عارف حسینی کی برسی بھرپور طریقہ سے منائی جائے گی، علامہ عبدالخالق اسدی

علامہ عارف حسینی کی برسی بھرپور طریقہ سے منائی جائے گی، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے رہنماوُں کا اجلاس، علامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل پنجاب کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شہید قائد علامہ عارف حسینی کی برسی بھرپور طریقہ سے منائی جائے گی، جس میں علماء کرام اور کارکن شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید عارف حسین الحسینی کی شخصیت صرف فقہ جعفریہ نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے لئے ایک مثال ہے، انہوں نے ساری زندگی طاغوتی طاقتوں کے خلاف جدوجہد کی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے اپنی جان دے دی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا عنوان بیداری امت و استحکام پاکستان رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ ملک اور امت کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے شہید عارف حسین الحسینی کی زندگی کو اپنانا ہوگا، شہید نے اپنی مختصر زندگی میں مسلم امہ کے لئے بے پناہ خدمات سرانجام دیں، یہی وجہ ہے کہ اپنے ہوں یا پرائے سب ان کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے. علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں نہ صرف سید عارف حسین الحسینی کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی بلکہ پاکستان کو درپیش موجودہ مسائل اور آپریشن ضرب عضب اور ملک دشمن دہشت گردوں کے ہاتھوں بربریت کا نشانہ بننے والے شہدائے پاکستان کو بھی خراج عقیدت پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ عارف حسینی صرف ایک مذہبی رہنما کا نام نہیں بلکہ ایک سوچ اور فکر کا نام ہے جو کہ آج بھی زندہ ہے، شہید نے نہ صرف داخلی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھی بلکہ بین الاقومی سطح پر پاکستان کے حقیقی دشمنوں کیخلاف بھی آواز بلند کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ عارف الحسینی نے سب سے پہلے مسئلہ فلسطین ہو یا روس کا افغانستان پر قبضہ عالمی سطح پر بھرپور احتجاج کیا اور باقی تمام جماعتوں کو قائل کرکے ان کی حمایت حاصل کی، آج کے مسائل سے نکلنے کے لئے بھی اس وقت قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مرکزی اجتماع کے علاوہ ملک بھر میں شہید قائد کی یاد میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں شہید قائد کی برسی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کا بندوبست کیا جائے، اجلاس میں علامہ محمد اقبال کامرانی، علامہ حسن ہمدانی، زاہد مہدوی، رانا ماجد علی، آغا نقی مہدی، سید عقیل نقوی، رانا توصیف رضا، نقاش علی، غلام عباس سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 477358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش