0
Wednesday 2 Sep 2015 19:25

پنجاب حکومت کے ریاستی مظالم برداشت نہیں کریں گے، علامہ عبدالخالق اسدی

پنجاب حکومت کے ریاستی مظالم برداشت نہیں کریں گے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں ورکرز کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، بقا، ترقی اور استحکام کی ضمانت آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے ہی منسلک ہے، ملک دشمن قوتیں اپنے ناپاک ارادوں کی تکمیل کے لئے سرگرم ہیں، ایسے میں ہر محب وطن پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ وطن عزیز کے استحکام و قومی سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرے، ہمارا ازلی دشمن انڈیا آئے روز سرحدوں کی خلاف ورزی کرکے معصوم شہریوں پر بلا جواز شب خون مارنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، بھارت دراصل اپنے پالتو دہشت گردوں کو پاک سرزمین پر ملنے والی بدترین شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، نہتے کشمیریوں پر ظلم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور شدت پسندی نے انڈیا کو عالمی برادری میں تنہائی کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے مذہبی، سیاسی، معاشی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پنجاب میں ایک متعصب اور دہشت گردوں کے ہمدرد وزیر کے ایماء پر دہشت گردی سے متاثرہ فریق ملت جعفریہ کی طرف موڑ دیا گیا ہے، دراصل یہ ایک منظم سازش کا حصہ ہے، اس کا اصل مقصد آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرنا ہے، ہم پنجاب حکومت کے ریاستی مظالم ہرگز برداشت نہیں کریں گے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پہلے مرحلے میں پنجاب اور دوسرے مرحلے میں ملک بھر میں جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے ہم نے آواز بلند کی اور ان سے مذاکرات کو پاکستان کی سلامتی کے خلاف دہشت گردوں کے سیاسی سرپرستوں کی ایک سازش قرار دیا، جو الحمدللہ آج سچ ثابت ہوئی، آج جہاں بھی نون لیگ کی حکومت ہے، چاہے وہ گلگت بلتستان ہو یا پنجاب، ملت جعفریہ کے خلاف بھرپور ہدف بنا کر کارروائیاں جاری ہیں، ہم اس ملک کے باوفا اور غیرت مند بیٹے ہیں، ہم دشمن اور اس کے آلہ کاروں کی سازش کو سمجھتے ہیں، پاکستان کے ریاستی ادارے اس بات کا نوٹس لیں، ہم نے بیس ہزار سے زائد اپنے پیاروں کو قربان کیا، ہماری نسل کشی ہوئی، بسوں سے شناختی کارڈ دیکھ دیکھ کر ہمیں مارا گیا، لیکن ہم نے دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی، ہم نے ملکی سلامتی و بقا کو مقدم سمجھا، اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ملکی تاریخ کا سب سے پرامن اور موثر احتجاج کرکے اپنی مظلومیت کا اعلان کیا، آج ہمارے قاتلوں کی ہمدرد، پنجاب حکومت پھر سے انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں، لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔ علامہ اسدی نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور وطن عزیز کی سلامتی و بقا اور شہداء پاکستان کی ایصال ثواب کے لئے ہر ماہ کی پہلی جمعرات، دعائے کمیل، یعنی یوم دعا منانے کا اعلان بھی کیا، لاہور میں کل خواجگان قومی مرکز میں دعائے کمیل کا روح پرور پروگرام کا انعقاد ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 483616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش