0
Thursday 15 Oct 2015 01:32

دشمن کی ممکنہ مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، بریگیڈیئر امیر علی حاجی زادہ

دشمن کی ممکنہ مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، بریگیڈیئر امیر علی حاجی زادہ
اسلام ٹائمز۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر امیر علی حاجی زادہ نے بدھ کے دن علاقے خصوصاً شام، یمن اور عراق میں بدامنی میں شدت پیدا ہونے اور اس بدامنی میں خطے اور خطے سے باہر کی بعض طاقتوں کے ملوث ہونے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائل یونٹس اپنے ماہرین اور ان کے تیار کردہ فوجی ساز و سامان کی بدولت دشمنوں کے ممکنہ خطرات کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ بریگیڈیئر امیر علی حاجی زادہ نے مزید کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائل یونٹ دشمنوں کے اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ مختلف طرح کے جدید ترین میزائلوں منجملہ زمین سے زمین، زمین سے فضا اور ساحل سے سمندر میں مار کرنے والے میزائلوں نیز بحری جہازوں اور آبدوزوں کو نشانہ بنانے والے تارپیڈوز (torpedo) کے ذریعے دشمنوں کے خلاف جوابی کارروائی کریں گے اور وہ اسلامی جمہوری ایران کے دفاع کے لئے صرف مسلح افواج کے کمانڈر انچیف آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے حکم کے منتظر ہیں۔ بریگیڈیئر امیر علی حاجی زادہ نے ایسی حالت میں دشمنوں کے ممکنہ اقدامات کے مقابلے کے لئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی آمادگی کی خبر دی ہے کہ جب رہبر انقلاب اسلامی نے کچھ عرصہ قبل فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں سے ملاقات میں خطے کی حساس صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کبھی بھی خطے میں جنگ شروع نہیں کرے گا، لیکن اگر دشمنوں نے کوئی حماقت کی تو اسلامی جمہوریہ ان کو دندان شکن اور بہت سخت جواب دے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ خطے کے ممالک میں سب سے زیادہ امن و استحکام ایران میں پایا جاتا ہے، کہا تھا کہ یہ امن و استحکام ایران کی مسلح افواج کی کوششوں اور ایرانی قوم کی جانب سے مسلح افواج کی حمایت کا نتیجہ ہے، جب تک یہ تعاون و یکجہتی اور اتحاد برقرار رہے گا، تب تک دشمنوں کی ہر طرح کی سازشیں ناکام ہوتی رہیں گی۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایسی حالت میں دشمنوں کی مہم جوئی کے خلاف جوابی کارروائی پر اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے کہ جب امریکہ اور آل سعود سمیت بعض بڑی طاقتوں اور علاقائی ممالک کے حکام کی توسیع پسندی کی وجہ سے مشرق وسطٰی خصوصاً عراق، شام اور یمن میں دہشت گردوں، پٹھوؤں اور قابض فوجیوں کے ذریعے بے گناہ یمنی عوام کا قتل عام جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران جہاں سیاسی طریقوں سے خطے کے بحرانوں کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہیں اس نے دشمنوں کی مہم جوئی کے مقابلے کے لئے ہمیشہ اپنے آپ کو دفاعی طور پر مضبوط کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طرح سے آمادہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایرانی قوم نے تسلط پسندوں کے مقابلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرکے ثابت کر دیا ہے کہ اس کی استقامت میں خلل نہیں ڈالا جاسکتا ہے اور جس طرح اس نے عراق کی سابق بعثی حکومت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں کامیابی حاصل کی، اسی طرح آج بھی وہ دشمنوں کے مقابلے میں استقامت سے کام لیتے ہوئے کسی بھی جارح کو اثر و رسوخ حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
خبر کا کوڈ : 491461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش