0
Friday 15 May 2009 11:52

دہشتگر دی کیخلاف جنگ ہاری تو ملک ہار دینگے ،فوج اور منتخب حکومت کا عزم ایک ہے ،وزیراعظم گیلانی

دہشتگر دی کیخلاف جنگ ہاری تو ملک ہار دینگے ،فوج اور منتخب حکومت کا عزم ایک ہے ،وزیراعظم گیلانی
اسلام آباد: وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں یہ جنگ ہر صورت میں جیتنی ہے، اگر ہم جنگ ہار گئے تو ملک ہار جائیں گے۔ وہ وزیراعظم ہاؤس میں ملک بھر سے آئے ہوئے مدیران اخبارات و جرائد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے اور اس میں پاکستانی فوج اور منتخب سول حکومت کا عزم ایک ہے۔ فوج سول حکومت کی مکمل حمایت کر رہی ہے اور فوج کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے۔ اس آپریشن پر پہلے ہم نے مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین کو اعتماد میں لیا۔ میری ٹیلی فون پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت سے تفصیلی بات ہوئی۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور ان کے بھائی عطاء الرحمن دونوں ملک سے باہر تھے اس لئے ان سے رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے امن کی خاطر معاہدہ کیا لیکن جب انہوں نے حکومت کی رٹ، پارلیمنٹ، آئین کو چیلنج کیا تو ہمارے پاس آپریشن کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا، ہماری سیکورٹی فورسز کو اغواء کیا جا رہا تھا۔ جہاں بھی فوج کو دیکھتے ، ایف سی کو دیکھتے ان کو نشانہ بناتے۔ایف ایم ریڈیو سے مقدس ہستیوں کے حوالے سے پیغامات نشر کئے جا رہے تھے جن میں مقامی آبادی کو پاک فوج کے خلاف اشتعال دلایا جا رہا تھا۔ ایم این ایز کے گھر ہیڈ کوارٹر بنا لئے گئے۔ باربر شاپ، سی ڈی شاپ تباہ کر دیئے گئے، فوج بڑی مشکل جنگ لڑ رہی ہے۔ فوجی جوان ایسی جگہ پہنچے ہیں جہاں ہیلی کاپٹر سے بھی اُترا نہیں جا سکتا۔ اب فوج نے بھی عزم کر لیا ہے اور حکومت کا بھی یہ عزم ہے کہ یہ جنگ بھی جیتنی ہے اور دل بھی جیتنے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 1947ء کے بعد پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں نقل مکانی ہوئی ہے اسی لئے فوج نے ان کی سپورٹ کیلئے اسپیشل سپورٹ گروپ بھی بنایا ہے۔ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری بھی بے دخل ہونے والے لوگوں کی مدد کیلئے موجود ہیں۔ حکومت کی طرف سے وزیر اطلاعات روزانہ بریفنگ میں حصہ لیں گے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین بجٹ سازی میں مصروف ہیں اس لئے وزیر مملکت برائے خزانہ حنا ربانی کھر ڈونرز کانفرنس کا انعقاد اور دیگر مالیاتی امور کی نگرانی کریں گی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزراء غیرضروری طور پر کوئی بیان نہیں دیں گے جب تک ایس ایس جی سے کلیئرنس نہ ہو جائے وزراء بیانات نہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ بے گھروں کیلئے 12 کیمپ بنائے گئے ہیں ہمیں ان کی تکالیف کا احساس ہے۔ جلد ہی ہم ان کی پریشانی دور کریں گے اور انہیں سہولتیں دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مٹھی بھر لوگ ذمے دار ایٹمی ملک کو آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتے۔ تمام سیاسی جماعتوں سے ہم نے اس سلسلے میں مشاورت کی ہے۔ کتنے کارخانے بند ہیں، سرمایہ کار اغواء ہو رہے ہیں، لوگ سرمایہ کاری سے کترا رہے ہیں، ابھی حال ہی میں دھمکی ملی ہے کہ ارکان پارلیمنٹ مستعفی ہوں ورنہ ان کے خاندانوں کو ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے فوجی آپریشن اس لئے ناکام رہے کہ انہیں منتخب سول حکومتوں اور مقامی آبادی کی حمایت حاصل نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان سے بھی اس سلسلے میں انٹیلی جنس شیئرنگ کر رہے ہیں تا کہ وہاں سے آنے والے ازبک، عرب اور طالبان کا راستہ روکا جا سکے۔ آپریشن جتنی ضرورت ہے اس سے ایک دن بھی زیادہ طویل نہیں کیا جائے گا۔ آپریشن کے بعد اصل مسئلہ شروع ہوگا۔ آبادکاری اور تعمیر نو ،ہمارے لئے بڑے چیلنجز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس، ایف سی کی صلاحیتیں بڑھائی جائیں گی۔ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ بم پروف پولیس اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ دہشت گرد جدید گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، پولیس کو بھی یہ گاڑیاں دی جائیں گی۔ ہم نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کر دی ہے کہ بے گھر ہونے والے لوگ اگر ان کے علاقوں میں پہنچیں تو وہ ان کے لئے تمام انتظامات کریں۔ ہم پیر کو سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بریفنگ دیں گے۔ اس میں ہم انہیں ایسی تفصیلات بتائیں گے جو ابھی ہم عوام کو نہیں بتا سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے لئے بلوچستان کا مسئلہ بھی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نے آج ہی بلوچستان کے گورنر ، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء سے بات کی ہے۔ ہمیں دونوں ایوانوں کی پندرہ نکاتی رپورٹ ملی ہے اسے ہم اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ انشاء اللہ مسئلہ بلوچستان باہمی بات چیت سے حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی بے گھر ہونے والے لوگوں کے کیمپوں کا دورہ کریں گے۔ وہ آج ہمارے لئے قربانی دے رہے ہیں ہم ان کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کریں گے، انہیں کڑے وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، وہ ہمارے بھائی ہیں ہم ان کی مصیبتیں ہر طور اور ہر قیمت پر دور کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 4945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش