0
Friday 30 Oct 2015 19:49

امام حسینؑ نے مدینہ سے کوفہ تک حق کی تعلیم دی، راغب نعیمی

امام حسینؑ نے مدینہ سے کوفہ تک حق کی تعلیم دی، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلٰی علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا ہے کہ امام حسینؑ نے اصولوں پر مبنی موقف اختیار کیا، نواسۂ رسولؑ نے مدینہ سے مکہ اور مکہ سے کوفہ کے سفر میں لوگوں کو حق کی تعلیم دی، امام عالی مقامؑ نے ظلم، باطل، جور و ستم اور ناانصافی کو اپنی شہادت سے شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلدیاتی انتخابات میں اصول پسندی، شرافت اور اچھے کردار کے حامل امیدوار کو ووٹ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹریٹ مکمل ہونے پر شیزان ریسٹورنٹ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راغب نعیمی نے مزید کہا کہ پاکستان کو پُرامن بنانے اور معاشرے میں انصاف کو رواج دینے کیلئے گراس روٹ لیول پر عوام میں سیاسی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے، حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ اہل لوگوں کو آگے لایا جائے اور انتخابات کو پُرامن بنانے کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔

تقریب سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ عمران نذیر (ایم پی اے) خواجہ سلمان رفیق (مشیر صحت وزیراعلٰی پنجاب)، سیکرٹری اوقاف نیئر اقبال، علامہ ارشد مصطفائی، پروفیسر محمد سلیم نعیمی نے بھی خطاب کیا۔ نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو اس وقت پڑھی لکھی قیادت کی ضرورت ہے، والدین اپنی اولاد کو اچھی اور بامقصد تعلیم سے آراستہ کریں، تعلیم سے ہی قوم اچھے اور بُرے کی پہچان کرسکتی ہے۔ تقریب میں ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، معروف کالم نگار ارشاد عارف، سجاد میر، اوریا مقبول جان، خالد عباس ڈار، بلال قطب، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، اینکر مبشر لقمان، مسز کرن ڈار (ایم این اے)، مسز شازیہ کامران (ایم پی اے)، مسز لبنیٰ فیصل (ایم پی اے)، مسز نبیرہ عندلیب نعیمی (ایم پی اے)، مسز ارم حسن (ایم پی اے)، انیق ناجی، پروفیسر محفوظ الرحمن نعیمی و دیگر شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 494645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش