0
Sunday 29 Nov 2015 23:56

پیپلز پارٹی کی جدوجہد جنونیت اور مذہبی انتہاپسندی کیخلاف ہے، شیری رحمان

پیپلز پارٹی کی جدوجہد جنونیت اور مذہبی انتہاپسندی کیخلاف ہے، شیری رحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پار ٹی کی مرکزی خاتون رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ اپنے کارکنوں اور عوام کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ہیں، عوام ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں، تمام تر سازشوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود شہید بھٹو اور شہید بی بی کی محبت عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، سندھ میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد کراچی کے عوام بھی 5 دسمبر کو تیر کے نام پر ٹھپہ لگائیں گے، اور ثابت کر دیں گے کہ فیصلہ ضمیر کا اور ووٹ بے نظیر کا، پیپلز پارٹی یوم تاسیس کے حوالے سے میمن گوٹھ ملیر میں تاریخی عوامی جلسہ منعقد کرے گی، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں بلاول ہاﺅس چورنگی سے اسپارکو چورنگی تک نکالی جانے والی عوامی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں مردوں، خواتین، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا قافلہ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل تھا۔ ریلی کے شرکاء کا بلاول چورنگی، بلدیہ ٹاﺅن، مواچھ گوٹھ اور دیگر علاقوں میں استقبال کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور قائدین کی تصاویر اٹھا رکھی تھی، اور وہ پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ ریلی میں پیپلز پارٹی کے اخونزادہ چٹان، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مخالفت کی ہے، ہماری جدوجہد جنونیت اور مذہبی انتہاپسندی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں نے کبھی سر نہیں جھکایا، اور نہ کبھی جھکائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر تنقید کی جاتی ہے کہ اب پیپلز پارٹی محدود ہوگئی ہے، تنقید کرنے والے یہ سمجھ لیں کہ بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے، جلد پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی، اور ہم اپنے مخالفین کو بتا دیں گے کہ ملک کی قومی اور عوامی جماعت صرف پیپلز پارٹی ہے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیڈر کوئی اور نہیں صرف بلاول بھٹو زرداری ہیں، نوجوان طبقے کو بلاول بھٹو زرداری سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، آئندہ سیاست کا محور بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 501435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش