0
Sunday 24 Jan 2016 09:18

ایران اور افغانستان کی سرحد پر تجارتی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، نواب ثناء اللہ زہری

ایران اور افغانستان کی سرحد پر تجارتی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، نواب ثناء اللہ زہری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان ہے۔ مثبت سوچ کے ساتھ بلوچستان اور ملک کی ترقی کا عزم رکھتے ہیں۔ وہ بحیثیت وزیراعلٰی بھی عوام سے رابطوں کو مستحکم کریں گے۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹروں میں صوبائی کابینہ کے اجلاسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ عوامی نمائندوں اور بیورو کریسی کے ساتھ صوبے کے تمام علاقوں کا دورہ کرکے مسائل سے آگاہی اور انکے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبے کے وسیع ترمفاد اور ترقی کیلئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ صوبے میں امن کا قیام انکی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے نمایاں بہتری بھی آئی ہے، جسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ امن و امان کے چیلنجز کے حوالے سے وزیراعلٰی نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ بلوچستان کی طویل سرحدیں ہیں۔ بالخصوص افغانستان میں کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو اسکے براہ راست اثرات بلوچستان پر مرتب ہوتے ہیں۔ وزیراعلٰی نے صوبے کی ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے کہا کہ وہ بہتر طرز حکمرانی کو اپناتے ہوئے اپنے رفقاء کے ساتھ ملکر صوبے کی ترقی اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ایسے عملی اقدامات کرنا چاہتے ہیں، جنہیں عوام ہمیشہ یاد رکھے۔ انکی بھر پور توجہ کوئٹہ کی بہتری اور مسائل کے حل کی جانب مرکوز ہے۔ کوئٹہ کیلئے 6 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے تحت منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ کوئٹہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے قیام کے منصوبے کا بھی جلد آغاز ہوگا۔ جو اسٹیٹ آف دی آرٹ کا نمونہ ہے۔ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کی بحالی، پانی کے مسائل کے حل اور شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر سیستان بلوچستان نے گزشتہ دنوں گوادر کے دورے کے موقع پر ان سے دونوں صوبوں کے مابین تجارتی روابط میں اضافے، گوادر تک ریلوے ٹریک اور ایران سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جو ایران کی سرحد پر واقع بلوچستان کے علاقے کے لوگوں کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کیلئے اہم منصوبے ہیں۔ ایران، افغانستان کی سرحد پر مزید تجارتی مراکز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ جس سے تجارت میں اضافہ ہوگا اور سرحدی علاقوں کے عوام کو اسکا براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا مزید کہنا تھا کہ کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں خصوصی رعایت دیکر بلوچستان کے ذریعے ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ جس سے ایک جانب تو مقامی لوگوں کو قانونی تجارت کی سہولت ملے گی اور انکے لئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ دوسری جانب ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں وفاقی حکومت کے محاصل میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے انہوں نے کلیکٹر کسٹم سے تفصیلی اجلاس منعقد کیا ہے۔ وزیراعلٰی نے وفد کو بتایا کہ ناراض لوگوں سے رابطے کیلئے جلد ایک جرگہ تشکیل دیکر مفاہمتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ حکومت میڈیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے۔ ہم یہ بھی توقع رکھتے ہیں کہ اسلام آباد اور ملک بھر کا میڈیا ہمارے موقف اور کامیابیوں کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری رہنمائی بھی کریگا۔
خبر کا کوڈ : 514743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش