0
Wednesday 9 Mar 2016 19:22

پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں 5 فوجی افسر برطرف، منوہر پاریکر

پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں 5 فوجی افسر برطرف، منوہر پاریکر
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام پر بری فوج کے تین اور فضائیہ کے دو افسروں کو برطرف کردیا۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا (راجیہ سبھا) میں ارکان کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستانی خفیہ ایجنسی کیلئے مبینہ جاسوسی کرنے پر بری فوج کے تین اور فضائیہ کے دو افسران کو گرفتار کیا گیا اور انہیں ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے ان میں سے ایک کو 7 سال قید با مشقت سنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بری فوج کے جن افسران کو برطرف کیا گیا وہ بہت بڑے عہدوں پر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاسوسی کے یہ واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں اور حاضر سروس فوجی اہلکاروں کو پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کی طرف سے اختیار کئے جانے والے طریقوں کے بارے میں معمول کے مطابق آگاہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن معاملات کے بارے میں جاسوسی کی جاتی ہے وہ ان میں فوج کی تعیناتی، نقل و حمل، تربیتی مشقوں، اعلیٰ افسران کی تعیناتیوں، فارمیشنز کی علامت اور تکنیکی نمبرز وغیرہ کے بارے میں معلومات کی فراہمی شامل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 11 فوجی اہلکاروں کو آئی ایس آئی کے ساتھ تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ 7 سابق فوجیوں کو بھی ایسی سرگرمیوں پر حراست میں لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 526486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش