0
Friday 22 Apr 2016 10:41

لاہور، ایرانی سفیر کی گورنر پنجاب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور، ایرانی سفیر کی گورنر پنجاب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قدیم، تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کیساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے تاکہ مسلم امہ معاشی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ملک معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کی مزید ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے تاجروں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف خطے میں خوشحالی آئے گی بلکہ اس سے عوام کا معیارِ زندگی مزید بہتر ہو گا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے کہا کہ پاکستان ایران کا قابلِ اعتماد دوست ہے اور وہ پاک ایران باہمی تعلقات میں مزید وسعت اور مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کو ذہنی ہم آہنگی اور قلبی محبت سے سرشار رکھے۔
خبر کا کوڈ : 534632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش